محترم نثار احمد خان صاحب مربی سلسلہ
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 12؍جون 2000ء میں مکرم بشارت احمد چیمہ صاحب کے قلم سے مکرم نثار احمد خان صاحب مربی سلسلہ کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔
محترم نثار احمد خانصاحب مکرم عبدالقدیر خان صاحب آف لاہور کے فرزند تھے۔ آپ کی والدہ نہایت عبادت گزار اور احمدیت کی فدائی خاتون ہیں۔ اس خانوادہ کا ایک قابل تقلید واقعہ یوں ہے کہ انہوں نے ایک پلاٹ صرف اس غرض سے خریدا کہ اس پر مسجد بنوائیں گے۔ گھر میں بچت کی غرض سے چند انعامی بانڈز خریدے ہوئے تھے۔ ایک بانڈ تعمیر مسجد کی غرض سے وقف کرکے اُس پر لکھ دیا ہوا تھا۔ خدا تعالیٰ نے اپنے گھر کی تعمیر کروانے کے لئے غیبی مدد کرتے ہوئے اُسی بانڈ پر انعام نکالا۔ اب اُس پلاٹ پر اس خاندان کے جذبہ اور مرکز کے تعاون سے ایک خوبصورت مسجد تعمیر کی گئی ہے۔
میٹرک کرنے کے بعد محترم نثار صاحب نے جامعہ احمدیہ سے شاہد کی ڈگری لی اور متعدد جگہوں پر بطور مربی خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کو تدریس قرآن کریم سے والہانہ عشق تھا۔ ملتان میں ایک گھرانے میں تدریس قرآن کے بعد دوسرے گھر کوجاتے ہوئے راستہ میں نامعلوم وجہ سے سائیکل سے گرے اور سر کی چوٹ جان لیوا ثابت ہوئی۔ چند روز بیہوش رہنے کے بعد آپ وفات پاگئے۔
دعوت الی اللہ کے ’’جرم‘‘ میں آپ پر کئی مقدمات قائم ہوئے اور تین ماہ کیلئے اسیر راہ مولیٰ رہنے کی سعادت بھی ملی۔ لیکن ضمانت پر رہا ہونے کے بعد بھی آپ نے اس میدان میں کوئی کمزوری نہیں دکھائی بلکہ اپنا فرض بے خوفی اور حکمت کے ساتھ ادا کرتے رہے۔