محترم پروفیسر محمد عثمان صدیقی صاحب
اٹلی اور مغربی افریقہ کے سابق مبلغ سلسلہ محترم پروفیسر محمد عثمان صدیقی صاحب 8؍اگست 1997ء کو 78 سال کی عمر میں ربوہ میں وفات پاگئے۔ آپکے بھائی مکرم بشیر احمد صدیقی صاحب آپکا ذکر خیر کرتے ہوئے روزنامہ ’’الفضل‘‘ 11؍نومبر 1997ء میں رقمطراز ہیں کہ بیشمار احباب و خواتین نے مرحوم سے قرآن شریف ناظرہ اور باترجمہ سیکھا۔ مدرسہ احمدیہ قادیان میں حدیث کے استاد بھی رہے اور مسجد اقصیٰ میں نماز ظہر کے بعد درس سے قبل ایک سیپارہ صحیح تلفظ سے پڑھ کر سنایا کرتے تھے۔ دارالبرکات کی مسجد میں درس بھی دیا کرتے۔ قادیان سے اٹلی اورمغربی افریقہ تبلیغ کیلئے گئے اورتقسیم ہند کے بعد واپس آئے۔ آپ اسلامیات اور عربی میں ایم۔اے تھے۔ تعلیم الاسلام کالج ربوہ، گھٹیالیاں کالج اور جامعہ نصرت ربوہ میں تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے۔ اپنے محلہ کے صدر بھی رہے۔ اردو، انگریزی، عربی پر عبور تھا۔ نہایت عالم فاضل مگر سادہ درویش صفت انسان تھے۔ جب تک آپ کے والدین زندہ تھے تو آپ روزانہ لمبا فاصلہ پیدل طے کرکے ان کی خدمت میں حاضر ہوا کرتے۔