محترم پیر معین الدین صاحب
حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے داماد محترم پیر معین الدین صاحب 12؍ستمبر 2006ء کو لاہور میں وفات پاگئے۔
آپ 25؍دسمبر 1925ء کو محترم پیر اکبر علی صاحب آف فیروزپور کے ہاں پیدا ہوئے۔ 26؍اکتوبر 1944ء کو زندگی وقف کی اور حضرت مصلح موعودؓ کے ارشاد پر تعلیم کا حصول جاری رکھا۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے کیمسٹری میں M.Sc. کی۔ کالج کی سوئمنگ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔ واٹرپولو کے بھی ماہر کھلاڑی سمجھے جاتے تھے۔ یکم ستمبر 1949ء کو آپ کا تقرر فضل عمر انسٹیٹیوٹ میں ہوا۔ 12؍جنوری 1957ء تک تحریک جدید کے تحت مختلف خدمات سرانجام دیں۔ اس دوران ایک سال سے زائد عرصہ تک انگلینڈ میں ٹریننگ بھی حاصل کی۔ پھر آپ کا تقرر جامعہ احمدیہ ربوہ میں ہوا جہاں جامعۃالمبشرین میں انگریزی پڑھانے کی ذمہ داری 1971ء تک نبھاتے رہے۔ یکم جولائی 1971ء کو ریٹائرڈ ہوئے۔ آپ ایک علمی شخصیت تھے۔ قرآن کریم کے معارف اور خزائن کے بارہ میں تحقیقی و علمی کام کیا اور کتب تحریر کیں۔ ایک خوش اخلاق، ملنسار اور غریبوں کے غمخوار انسان تھے۔ تہجد کا التزام رکھتے۔ بہشتی مقبرہ ربوہ (قطعہ خاص) میں تدفین عمل میں آئی۔ اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور چار بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔
(بحوالہ روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 16؍ستمبر 2006ء)