محترم چودھری عبداللطیف صاحب
محترم چودھری عبداللطیف صاحب نے 1940ء میں بی۔اے کرنے کے بعد زندگی وقف کی۔ 1946ء میں حضرت مصلح موعودؑ نے آپ کو یورپ بھجوادیا۔ پہلے آپ کچھ عرصہ لندن میں رہے اور پھر ہالینڈ میں تعینات کئے گئے جہاں سے جرمنی بھجوادیئے گئے اور آپ کو تین ممالک (جرمنی، سویڈن، ناروے) کا مربی انچارج مقررکیا گیا۔ آپ نے جرمنی کا مشن قائم کیا اور بہت سی سعید روحیں آپ کے ذریعہ حلقہ بگوش اسلام ہوئیں۔ آپ بہت صابر و شاکر اور متقی انسان تھے۔ مالی تنگی کے زمانہ میں کئی کئی ماہ نہایت عسرت میں خدمت کی توفیق پائی۔
پہلے آپ کی اہلیہ یورپ نہیں آنا چاہتی تھیں لیکن حضرت مصلح موعودؓ نے انہیں فرمایا کہ تم باہر جاؤ اللہ تمہیں تین بیٹے عطا فرمائے گا۔ چنانچہ وہ جرمنی آگئیں اور پھر اللہ تعالیٰ نے انہیں تین بیٹے عطا فرمائے۔ ایک بیٹے کو اللہ تعالیٰ نے جرمنی کا پہلا احمدی جج ہونے کی سعادت عطا فرمائی ہے۔
محترم عبداللطیف صاحب کا مختصر ذکرخیر آپ کی ہمشیرہ مکرمہ ناصرہ بیگم صاحبہ کے قلم سے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 17؍فروری 1998ء میں شامل اشاعت ہے۔