محترم چوہدری فضل احمد صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 9 جون 2009ء میں سلسلہ کے دیرینہ خادم مکرم چوہدری فضل احمد صاحب افسر خزانہ صدر انجمن احمدیہ پاکستان ربوہ کی وفات کی خبر شائع ہوئی ہے جو 7؍جون 2009ء کو بعمر 65 سال وفات پاگئے۔ آپ کو کئی سال سے دل کی تکلیف تھی تاہم مستعدی اور بشاشت کے ساتھ خدمات سلسلہ بجالا رہے تھے۔ وفات سے ایک دن پہلے دفتر میں دل کی تکلیف کا احساس ہوا، طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ گئے جہاں آپ کو مزید چیک اپ کیلئے داخل کر لیا گیا۔ ڈاکٹرز کی کوششوں کے باوجود اللہ تعالیٰ کی تقدیر غالب آئی اور آپ اللہ کو پیارے ہو گئے۔
آپ کے والد کا نام مکرم چوہدری عبدالمجید صاحب تھا جو ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایک گاؤں کے رہنے والے تھے۔ آپ یکم جنوری 1944ء کو لودھی ننگل نزد قادیان میں پیدا ہوئے۔ بی اے کرنے کے بعد زندگی وقف کی اور مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دیں۔ ابتدا میں آپ دفتر پرائیویٹ سیکرٹری ربوہ اور دفتر مجلس کارپرداز میں خدمت کرتے رہے۔ بعدہٗ نائب ناظر مال خرچ، ناظم جائیداد اور گزشتہ 25 سال سے افسر خزانہ صدر انجمن احمدیہ کے عہدہ پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
آپ کے پسماندگان میں ایک بیٹی ہیں۔ آپ کی اہلیہ مکرمہ مقبول اختر صاحبہ ہیڈ مسٹرس 2000ء میں وفات پاگئی تھیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں