محترم ڈاکٹر حمید احمد خان صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 8؍جولائی 2000ء میں محترم ڈاکٹر حمید احمد خان صاحب کے بارہ میں محترم بلال احمد ایٹکنسن صاحب کے ایک انگریزی مضمون کا ترجمہ (از مکرم کرنل ایاز محمود خانصاحب) شائع ہوا ہے۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ تقریباً 27 سال پہلے (1973ء میں) محترم ڈاکٹر صاحب اپنی اہلیہ اور دو کمسن بچوں کے ساتھ ہارٹلے پول شہر میں ایک اجنبی کی طرح داخل ہوئے لیکن چند ہی برسوں میں یہاں کی معروف اور پسندیدہ شخصیت بن گئے۔ محترم ڈاکٹر صاحب اپنے کردار کی مضبوطی اور اصول پرستی کے علاوہ اپنے شرمیلے انداز اور خوبصورت اخلاق کی بدولت دوسروں کے لئے پُرکشش اور پیشہ کے لحاظ سے قابل احترام تھے۔ 1975ء میں انہیں اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر پولیس سرجن کے عہدہ پر متعین کردیا گیا جس سے اُن کے رابطے زیادہ وسیع ہوگئے۔ اپنی آمد کے کچھ ہی عرصہ بعد انہوں نے دعوت الی اللہ شروع کردی تھی۔ اُن کو پہلا پھل 1981ء میں ملا۔ یہ محترمہ پام ایلڈر صاحبہ (Pam Elder) تھیں۔ اس موقعہ پر حضرت چودھری محمد ظفراللہ خانصاحبؓ بھی ہارٹلے پول میں موجود تھے۔ ہارٹلے پول کے انگریز مردوں میں احمدیت کی برکات حاصل کرنے کی سعادت سب سے پہلے مکرم سٹوآرٹ لاسن صاحب (Stuart Lawson) کو حاصل ہوئی۔
محترم ڈاکٹر صاحب کی دعوت الی اللہ کی مساعی اُن کے تقویٰ کی مظہر تھی۔ انہوں نے جو کہا اُس کا مؤثر عملی نمونہ خود پیش کردیا۔ یہ ناممکن تھا کہ اُن سے ملاقات کے بعد کوئی اُن کی شخصیت اور کردار سے متأثر ہوئے بغیر رہ سکے۔ اُن کی کامیاب زندگی کا بنیادی سبب اُن کا اللہ تعالیٰ کی ہستی پر غیرمتزلزل ایمان، سچی اور کامل اطاعت تھا۔ وہ خلیفہ وقت کے وفاشعار خادم اور مثالی پیروکار تھے۔ مجھے اُن کے ساتھ بیرون ملک اور انگلستان میں بہت سے مقامات پر جانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ معاملہ فہمی میں اُنہیں کمال دسترس حاصل تھی۔ ہر ایک اُن کا مداح بن جاتا۔ جہاں عمومی زندگی میں وہ بہت شرمیلے تھے وہاں دینی معاملات میں ایک نڈر، بہادر اور بے خوف ذات کے مالک تھے۔ میرا مشاہدہ ہے کہ بیشتر اوقات اللہ تعالیٰ نے اُن کی دعائیں قبول فرمائیں اور معجزانہ رنگ میں نصرت فرمائی۔
ہارٹلے پول کی جماعت کے لئے ڈاکٹر حمید احمد خان صاحب کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ وہ ہارٹلے پول کا محبوب ہے اور ہمارے دلوں کی دھڑکنوں میں ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں