مومن کے دل کا شوق ہے ارمان ہے نماز – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ یکم مارچ 2012ء میں مکرمہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ کی ایک نظم سے انتخاب پیش ہے:
مومن کے دل کا شوق ہے ارمان ہے نماز
فاسق کے واسطے درِ زندان ہے نماز
کرتی ہے فرق مومن و مشرق کے درمیان
آسان اور سادہ سی پہچان ہے نماز
جو بھی نگہبان ہو اپنی نماز کا
اس کی ہر ایک لحظہ نگہبان ہے نماز
بے شک نماز عجز و تواضع کا نام ہے
قربِ خدا کا اوّلیں میدان ہے نماز
ہے اس کے دَم سے شجرِ توکّل ہرا بھرا
سچ پوچھیے تو سایۂ رحمان ہے نماز
دل پر اگر ہے بوجھ تو سجدے میں جا کے رو
ٹوٹے دلوں کے درد کا درمان ہے نماز