مکرمہ ہاجرہ بیگم صاحبہ
لجنہ اماء اللہ کھاریاں کی بنیاد رکھی گئی تو محترمہ حافظہ زینب بی بی صاحبہ اہلیہ حضرت حافظ فضل دین صاحبؓ کو صدر مقرر کیا گیا۔ وہ یہ خدمت 1948ء میں اپنی وفات تک بجالاتی رہیں۔ پھر ان کی بیٹی مکرمہ ہاجرہ بیگم صاحبہ کے سپرد یہ خدمت ہوئی اور انہوں نے 22 سال تک یہ فرض سرانجام دیا۔ مکرمہ ہاجرہ بیگم صاحبہ کا مختصر ذکرخیر آپکی بیٹی مکرمہ طاہرہ جبین صاحبہ کے قلم سے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 28؍جولائی 2001ء میں شائع ہوا ہے۔
آپ 1909ء میں کھاریاں میں پیدا ہوئیں۔ 1928ء میں آپ کی شادی مکرم چودھری فضل الٰہی صاحب سے ہوئی جو 1932ء میں حضرت حافظ فضل دین صاحبؓ کی وفات کے بعد امیرجماعت کھاریاں مقرر ہوئے۔ مکرمہ ہاجرہ بیگم صاحبہ نے ممبرات کی تعلیم و تربیت میں مثالی کردار ادا کیا۔ مقامی احمدیہ مسجد کی توسیع کے لئے اپنے گھر کا ایک حصہ پیش کردیا۔ 1947ء میں احمدیوں کی آبادکاری اور اُن کی امداد میں بہت خدمت کی۔ لجنہ کی طرف سے ضلع گجرات کے کئی تربیتی دورے کئے۔ 1970ء میں بیماری کے باعث خدمات کا تسلسل جاری نہ رکھ سکیں۔ 25؍اکتوبر 1975ء کو 64 سال کی عمر میں وفات پائی۔