مکرمی چوہدری محمد حسین صاحب واہلہ
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 13؍اپریل 2009ء میں مکرم چوہدری محمد حسین صاحب واہلہ کی یاد میں مکرم ماسٹر برکت علی صاحب کا مضمون شامل اشاعت ہے۔
مضمون نگار بیان کرتے ہیں کہ خاکسار کی مکرم واہلہ صاحب سے ملاقات میانوالی میں ہوئی تھی جہاں آپ ضلع میں بطور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف سکولز برائے صحت و تعلیم جسمانی تعینات تھے۔ خاکسار گورنمنٹ ہائی سکول میانوالی میں بحیثیت PTI کام کر رہا تھا۔ واہلہ صاحب کی جوانی کا دور تقویٰ سے مزین تھا۔ جماعت کے ساتھ والہانہ عقیدت تھی۔ اس زمانہ میں بھی نمازوں اور چندوں میں باقاعدگی تھی جو آخر دم تک قائم رہی ۔ آپ نے پنشن پانے کے بعد ربوہ میں سکونت اختیار کرلی ۔ آپ کو احمدیت سے والہانہ لگائو تھا اور محلہ کے سیکرٹری امور عامہ اور دارالقضاء میں قاضی اول کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ نمازیں باجماعت مسجد میں ادا کرنے کے عادی تھے۔ طبیعت میں شگفتگی اور چہرہ پر مسکراہٹ رہتی تھی۔ ہمدرد اور ملنسار دوست تھے۔ ہمیشہ صائب مشورہ دیتے تھے۔ اگر کوئی دوست دادرسی کے لئے آتا تو اسی وقت بلا کسی تردد کے اس کی دلجوئی کے لئے ساتھ چل پڑتے۔