مکرم سعید احمد صاحب شہید آف کوٹری
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 26جنوری 2009ء میں مکرم سعید احمد صاحب آف کوٹری کی شہادت کی خبر شائع ہوئی ہے جنہیں 19جنوری 2009ء کو اُس وقت شہید کردیا گیا جب عشاء کے بعد کام سے فارغ ہوکر آپ اپنے گھر پہنچے تو اندھیرے میں کھڑے ہوئے شخص نے کنپٹی پر پسٹل سے فائر کردیا جس سے موقعہ پر ہی وفات ہو گئی۔ حملہ آور فرار ہو گیا۔ مرحوم کی عمر 55سال تھی۔ آپ نہایت شریف النفس، مہمان نواز اور خدمت کرنے والے انسان تھے۔
سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطبہ جمعہ 23جنوری 2009ء میں شہید مرحوم کا ذکر خیر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمارے ایک احمدی بھائی مکرم سعید احمد صاحب جو مکرم چوہدری غلام قادر صاحب اٹھوال کے بیٹے تھے، کوٹری شہر میں رہتے تھے ان کو وہاںشہید کر دیا گیا۔ رات کو تقریباً نو بجے جہاں وہ کام کرتے تھے وہاں سے واپس جا رہے تھے۔ گھر کے دروازے میں داخل ہوتے وقت کسی نے کنپٹی پرگن یا پسٹل رکھ کے فائر کیا جس سے آپ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔بڑے خدمت خلق کرنے والے تھے۔ا ن میں خدمت خلق کا نمایاں جذبہ تھا۔ کسی کی بیماری کا پتہ چلتا تو اس کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کر دیتے ۔ نہایت سادہ طبیعت رکھنے والے مخلص انسان تھے اور محنتی بھی بڑے تھے ہر قسم کا کام کر لیتے تھے کوئی عار کبھی نہیں سمجھا۔ مہمان نوازی کی صفت بھی بہت نمایاں تھی۔ صبر اور حلم بھی بہت تھا کسی کو غصے میں بھی جواب نہیں دیا۔ بلکہ خاموش رہتے تھے کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی ۔ گوندل فارم سندھ میں ہی آپ کی تدفین ہوئی ہے۔ دو بیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
حضور انور نے شہید مرحوم کی نماز جنازہ غائب بھی پڑھائی۔