مکرم ملک محمد داؤد صاحب
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 26؍اپریل 2002ء کی ایک خبر کے مطابق 25؍اپریل کو سڑک کے ایک حادثہ میں مکرم ملک محمد داؤد صاحب مربی سلسلہ وفات پاگئے۔ آپ مکرم ملک محمد اسحاق صاحب مرحوم پنشنر صدر انجمن احمدیہ کے بیٹے تھے۔ یکم اگست 1970ء کو ربوہ میں پیدا ہوئے۔ اگست 1987ء میں وقف کرکے جامعہ احمدیہ میں داخل ہوئے اور جولائی 1991ء میں میدان عمل میں داخل ہوئے۔ تین سال تک نظارت اصلاح و ارشاد مقامی کے تحت مختلف مقامات پر بطور مربی خدمت بجالائے۔ 1994ء میں غیرملکی زبان سیکھنے کے لئے وکالت تعلیم میں منتقل ہوئے اور ازبک زبان سیکھ کر جامعہ احمدیہ کے ریسرچ سیل سے منسلک ہوگئے اور تا وفات اسی شعبہ میں خدمت بجالاتے رہے۔ ہومیوپیتھی سے آپ کو خاص لگاؤ تھا اور اس کے ذریعہ خدمت خلق کے لئے بھی اپنے آپ کو وقف رکھا۔ طاہر ہومیوپیتھک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر انتظام گزشتہ پانچ سال سے خدمت کر رہے تھے اور مسجد ناصر میں ناصر ہومیوپیتھک کلینک چلا رہے تھے جہاں روزانہ مریضوں کو دیکھتے۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کی بہت سی مجالس عرفان مرتب کرنے کی توفیق بھی آپ کو ملی۔ اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی آپ نے یادگار چھوڑے ہیں۔