پاکستان کے ہونہار احمدی فرزند – شیخ محمد اسماعیل صاحب پانی پتی
ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ کی گولڈن جوبلی اشاعت میں مکرم مرزا خلیل احمد قمر صاحب نے اپنے مضمون میں بہت سے احمدیوں کی وطن کی خدمات پر مختصر روشنی ڈالی ہے جن میں حضرت چودھری سر محمد ظفراللہ خان صاحب، محترم ڈاکٹر عبدالسلام صاحب، محترم صاحبزادہ مرزا مظفر احمد صاحب، حضرت شیخ محمد احمد مظہر صاحب، جنرل ڈاکٹر محمودالحسن صاحب (ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز ملٹری)، ڈاکٹر قاضی محمد بشیر صاحب (ستارہ امتیاز)، میجر جنرل نسیم احمد صاحب (جنہوں نے شاہ فیصل کی آنکھوں کا بھی آپریشن کیا) اور پاکستان کے سینئر ماہرِ تعلیم محترم قاضی محمد اسلم صاحب شامل ہیں۔ ذیل میں چند ایسے احمدیوں کا ذکر کیا جا رہا ہے جن کے بارے میں قبل ازیں ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ میں تفصیلی مضمون پیش نہیں کیا گیا۔
شیخ محمد اسماعیل صاحب پانی پتی
ادب و تحقیق میں تمغہ حسنِ کارکردگی پانے والے پہلے احمدی اردو زبان کے نامور محقق اور کثیر کتب کے مصنف و مترجم مکرم شیخ محمد اسماعیل صاحب 4؍اپریل 1893ء کو دہلی کے قریب پانی پت کے مقام پر پیدا ہوئے۔ 1914ء میں آپ نے سب سے پہلی کتاب بچوں کیلئے لوریوں اور پہیلیوں کی لکھی جو انعام کی مستحق ٹھہری۔ پھر مختلف اخبارات و جرائد میں ہزاروں مضامین لکھے اور قریباً 60 کتب تحریر کیں۔ آٹھ نو اخبارات و جرائد کے ایڈیٹر بھی رہے۔ 1970ء میں حکومتِ پاکستان نے آپ کو تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازا۔