ہرن مینار شیخوپورہ
لاہور سے پچیس میل کے فاصلہ پر شیخوپورہ کا شہر آباد ہے جسے مغلیہ دور میں جہانگیر پور اور جہانگیر آباد بھی کہا جاتا تھا- یہ جہانگیر کی محبوب ترین شکارگاہ تھی اور یہاں اُس نے اپنے منس راج نامی ایک محبوب ہرن کی قبر پر ایک مینار تعمیر کروایا تھا اور ہرن کا شکار اس علاقہ میں ممنوع قرار دے دیا تھا-
یہ مینار 103؍فٹ بلند ہے جس میں زینہ اور جھروکے بنے ہوئے ہیں-بعد ازاں یہاں شاہی رہائش گاہ کے طور پر ایک عمارت تعمیر کی گئی جس پر ایک لاکھ پچاس ہزار روپے خرچ ہوئے- ایک تالاب بھی اینٹوں سے بنایا گیا جو 895؍فٹ لمبا اور 752؍ فٹ چوڑا تھا- تالاب کے وسط میں ایک جزیرہ بناکر اس پر دو منزلہ عمارت تعمیر کی گئی اور اسے اکیس تکونی محرابوں پر قائم ایک پُل کے ذریعہ شکارگاہ سے ملادیا گیا- یہ پُل دس فٹ چوڑا اور 308؍فٹ لمبا ہے-
یہ مختصر معلوماتی مضمون مکرم فضیل عیاض احمد صاحب کے قلم سے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍جون 1998ء میں شامل اشاعت ہے-