اداریہ- اطاعتِ رسول کیا ہے؟ خلیفۂ وقت کی آواز پر لبّیک کہنا

اداریہ رسالہ ’’انصارالدین‘‘ لندن، مئی و جون 2021ء

اطاعتِ رسول کیا ہے؟ خلیفۂ وقت کی آواز پر لبّیک کہنا

یہ خداتعالیٰ کا فضل و احسان ہے کہ اُس نے ہمیں ایک ایسے نظام میں شامل ہونے کی توفیق عطا فرمائی جو خلافت علیٰ منہاج النبوۃ کے زیرسایہ دنیا کے کناروں تک وسعت اختیار کرچکا ہے۔ ہر قوم اور ہر ملّت سے تعلق رکھنے والے جاں نثار، خلافت کے ایک اشارے پر عمل کرنا سعادت خیال کرتے ہیں۔ اس کا متأثرکُن اظہار اُس وقت دیکھنے میں آتا ہے جب بارگاہ خلافت کی طرف سے کسی تحریک کا اعلان ہوتا ہے تو مومنین کی جماعت اس تحریک پر لبّیک کہتے ہوئے ہمیشہ اپنے آقا کی توقعات سے کہیں بڑھ کر قربانیاں پیش کرنے کی سعادت حاصل کرتی ہے۔ پس نظام خلافت عطا ہونے پر جہاں ہمیں خداتعالیٰ کا شکرگزار ہونا چاہیے وہاں اس عظیم ذمہ داری کے حقوق ادا کرنے کے لیے بھی اپنا جائزہ لیتے رہنا چاہیے۔
خلافت کے زیرسایہ جماعتِ مومنین کو عطا ہونے والی عظیم الشان کامیابیوں میں سے ایک مسلم ٹیلی ویژن احمدیہ کا اجرا بھی ہے۔ اسی کے ذریعے زمین کے کناروں تک پھیلی ہوئی جماعتہائے احمدیہ کا خلیفہ وقت سے ایک زندہ تعلق اور مضبوط رابطہ اُستوار ہوتا ہے۔ اس زندہ تعلق میں سب سے بڑھ کر وہ خطبہ جمعہ ہے جو خلیفہ وقت ہر جمعۃالمبارک کے روز ارشاد فرماتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ خلیفۃالمسیح کا ارشاد فرمودہ خطبہ صرف روایتی خطبہ نہیں ہوتا بلکہ قرآن و حدیث اور مہدی آخرالزمانؑ کی تعلیمات کی روشنی میں دیا جانے والا یہ خطبہ دراصل بنی نوع انسان کے لیے عموماً اور احمدیوں کے لیے خصوصاً ایک ایسا پیغام ہوتا ہے جس پر عمل کرنے کے نتیجے میں نہ صرف خداتعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے بلکہ تعمیل کرنے والے اُن برکات کے وارث ٹھہرتے ہیں جو خداتعالیٰ نے خلافت کا ذکر کرتے ہوئے اپنے پاک کلام میں بیان فرمائی ہیں۔
اپنے امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی زبان مبارک سے براہ راست یہ پیغام سننے والے جانتے ہیں کہ اس سعادت کے اثرات کس طرح اُن کی زندگیوں کی بے چینیوں کو تسکین اور خوف کو امن میں بدل دینے کا موجب بنتے ہیں۔ حضور انور کی بیان فرمودہ تحریکات اور جماعت کی روحانی بہتری اور ترقی کے لیے آپ کے پاکیزہ دل کی خواہشات پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ خداتعالیٰ کے حضور دعاؤں کی طرف توجہ پیدا ہوتی ہے۔ اپنی اخلاقی اور روحانی حالتوں کا جائزہ لینے کی توفیق عطا ہوتی ہے اور خلیفہ وقت کے پاکیزہ ارشادات پر دل وجان سے عمل کرنے کے نتیجے میں ایسی برکات نصیب ہوتی ہیں جو محض خلافت حقّہ کے وجود سے وابستہ ہیں اور حسب توفیق مومنین اُن سے اپنی جھولیاں بھرتے چلے جاتے ہیں۔
ہر جمعۃالمبارک ہمارے لیے اپنے امام کے ایک نئے اور اہم پیغام کا ہدیہ لاتا ہے۔ ہمارا مشاہدہ ہے کہ اگر کسی مجبوری کی وجہ سے کوئی احمدی براہ راست یہ خطبات نہ سن سکے تو ریکارڈنگ سے استفادہ کرنے تک اُس کی بے چینی قابل دید ہوتی ہے۔ خطبہ جمعہ میں بیان فرمودہ پیغام کی بازگشت اگلے خطبے کے آنے تک نہ صرف جماعتی اخبارات و رسائل کے صفحات میں بلکہ مختلف سطحوں پر منعقد ہونے والے اجلاسات اور ذاتی مجالس میں سنائی دیتی چلی جاتی ہے۔
خلیفہ وقت کے خطبہ جمعہ اور دیگر خطابات و پیغامات میں بیان فرمودہ ارشادات کی تعمیل کس قدر ضروری ہے، اس بارے میں سیّدنا حضرت مصلح موعودؓ کا ایک ارشاد پیش ہے۔ آپؓ فرماتے ہیں:
’’اطاعت کا مادہ نظام کے بغیر پیدا نہیں ہوسکتا۔ پس جب بھی خلافت ہوگی اطاعت رسول بھی ہوگی کیونکہ اطاعت رسول یہ نہیں کہ نماز پڑھو یا روزے رکھو یا حج کرو۔ یہ تو خدا کے احکام کی اطاعت ہے۔ اطاعت رسول یہ ہے کہ جب وہ کہے کہ اب نمازوں پر زور دینے کا وقت ہے تو سب لوگ نمازوں پر زور دینا شروع کردیں اور جب وہ کہے کہ اب زکوٰۃ اور چندوں کی ضرورت ہے تو وہ زکوٰۃ اور چندوں پر زور دینا شروع کردیں اور جب وہ کہے کہ اب جانی قربانی کی ضرورت ہے یا وطن کو قربان کرنے کی ضرورت، تو وہ جانیں اور اپنے وطن قربان کرنے (چھوڑنے) کے لیے کھڑے ہو جائیں‘‘۔ (تفسیر کبیر۔ سورۃ نور)
خداتعالیٰ ہمیں نظام خلافت سے بلند ہونے والی ہر آواز پر تہِ دل سے سرتسلیم خم کرتے ہوئے ایسی راہوں پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے جن کے نتیجے میں ہم اس دنیا میں اپنی منزل مقصود حاصل کرلیں اور ہمارا انجام بھی ہرلحاظ سے بخیر ہوجائے۔ آمین

(محمود احمد ملک)

100% LikesVS
0% Dislikes

2 تبصرے “اداریہ- اطاعتِ رسول کیا ہے؟ خلیفۂ وقت کی آواز پر لبّیک کہنا

  1. خلیفہ وقت کی آواز کو سُننا اور اس پر عمل کرنا ہی کامیابی کی ضمانت ہے اس لئےاداریہ کا اس رنگ میں احباب جماعت کو امامِ وقت کی اطاعت کرنے کےلئے توجہ دلانا بہت اچھی کوشش ہے۔جزاک اللہ
    مجھے بہت خوشی ہوگی اگر کسی اداریے میں حضور انور کے حالیہ خطبہ عید الفطر کے بار بار پڑھنے اور اس پر عمل ،عمل اور عمل کرنے کے لئے احباب کو توجہ دلاتے رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں