ایک نعتیہ مشاعرہ

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 26 اکتوبر 2021ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍مئی 2013ء میں مجلس انصار اللہ مقامی ربوہ کے زیرانتظام منعقد ہونے والے ایک نعتیہ مشاعرہ کی رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ مجلس کی صدارت مکرم پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعودؑ کے نعتیہ فارسی کلام کے بعد سٹیج سیکرٹری نے مندرجہ ذیل اشعار سے مشاعرہ کا آغاز کیا:

سر بزم تیرا ہی ذکر ہے تیرا ذکر سب میں ہے مشترک
ہے جفاؤں کا، ہے وفاؤں کا، تیرا ذکر کتنا عجیب ہے
جو چلا تو حدِ خیال سے مَیں بہت ہی دُور نکل گیا
جو پلٹ کے دیکھا تو ہم نفس میرے پاس ہے تُو قریب ہے

اس مشاعرے میں شامل چند شعراءکرام کے نعتیہ کلام میں سے بعض چنیدہ اشعار ذیل میں ہدیۂ قارئین ہیں۔

٭…… مکرم میر انجم پرویز صاحب:

اے مجسم کرم ، اے رسالت مآبؐ
تیری رحمت ہے بے پایاں و بے حساب
سب جہانوں پہ تیرے کرم کے سحاب
تجھ سے ہر ذرۂ زندگی فیض یاب

٭…… مکرم ڈاکٹر محمد عامر خان صاحب:

وہ نبیوں میں اکمل تریں ہے یقیناً
وہی سب سے روشن جبیں ہے یقیناً
نبی ہے وہ نبیوں کا سردار بھی ہے
نبوت کا روشن نگیں ہے یقیناً

٭…… مکرم نسیم چودھری صاحب:

شاہا! مَیں وجہ خلق سماء و زمیں لکھوں
اکمل صفات تجھ کو مَیں کیا کیا نہیں لکھوں؟
ارض و سما میں زندگی بھی تیرے دم سے ہے
تجھ کو مَیں کائنات کا مسند نشیں لکھوں

٭…… مکرم انور ندیم علوی صاحب:

برتر گمان و وہم سے عظمت رسولؐ کی
دونوں جہاں میں چھائی ہے رحمت رسولؐ کی
پر جبرائیل کے بھی جہاں پہنچ کر جلیں
انساں تو کیا فرشتے بھی صلّ علیٰ کہیں

٭…… مکرم قریشی عبدالصمد صاحب:

دہر میں حُسنِ محمدؐ سے فضائیں مہکیں
اس زمیں تابہ فلک ساری ضیائیں مہکیں
ان کے آنے سے کھلے پھول بیابانوں میں
ان کے آنے سے زمانے کی ہوائیں مہکیں

٭…… مکرمہ صاحبزادی امۃ القدوس بیگم صا حبہ کا کلام مکرم صغیر احمد صاحب نے ترنم کے ساتھ پیش کیا:

وہ جو احمدؐ بھی ہے اور محمدؐ بھی ہے
وہ مؤیَّد بھی ہے اور مؤیِدّ بھی ہے
وہ جو واحد نہیں ہے پہ واحد بھی ہے
اک اسی کو تو حاصل ہوا یہ مقام
اس پہ لاکھوں درود اس پہ لاکھوں سلام

٭…… مکرم عبدالسلام صاحب:

منتظر جس کے تھے سب جود و کرم کے واسطے
وہ عرب کا ناز، وہ رحمت عجم کے واسطے
آگیا جس دم وہ تکمیل حرم کے واسطے
باندھ کے بستر چلا شیطاں عدم کے واسطے

٭…… مکرم عابد صاحب سٹیج سیکرٹری:

عکس شمس و قمر ، نُور افلاک کا
رنگ ، خوشبو ، دھنک ، جلوہ لولاک کا
یہ زمیں آسماں ہے کرم آپ کا
کہکشاں بھی تو ہے نقش پا آپ کا
مرحبا مرحبا خاتم الانبیاء

٭…… مکرم پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب صدر مجلس:

ہر ایک صاحب عرفاں کی ذات کا قبلہ
ترا وجود ہے ساری صفات کا قبلہ
خدا نما بھی تمہی اور باخدا بھی تمہی
تمہی ہو قائم و دائم نجات کا قبلہ
تُو دو جہاں کے لیے رحمت مجسّم ہے
تُو اس جہت سے بھی ہے شش جہات کا قبلہ

اور ایک دوسری نعت میں سے انتخاب:

خدا کے بعد تُو ہی سب سے ارجمند آقاؐ
ہر ایک مقام کی رفعت سے تُو بلند آقاؐ
جو آج ہیں، جو کبھی تھے، جو آئندہ ہوں گے
کسی کا دل نہ یہاں تجھ سا دردمند آقاؐ

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں