حضرت مہر سون صاحب آف سیکھواں

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 2 دسمبر 2010ء میں حضرت مہر سون صاحب آف سیکھواں ضلع گورداسپور کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔ آپؓ ایک معزز زمیندار تھے، آپؓ نے 1892ء میں حضرت منشی عبدالعزیز صاحبؓ اوجلوی (یکے از 313 اصحاب احمد) کے ساتھ ہی 1892ء میں بیعت کرنے کی توفیق پائی۔
حضرت اقدس علیہ السلام کی کتب میں بھی آپؓ کا ذکر ملتا ہے۔ جون 1897ء میں قادیان میں جلسہ ڈائمنڈ جوبلی منعقد ہوا جس میں آپؓ بھی شامل ہوئے۔ حضورؑ نے حاضرین جلسہ میں آپؓ کا نام یوں درج فرمایا:
220۔ مہر سون صاحب، سیکھواں ضلع گورداسپور
اسی طرح حضور نے اپنے ایک اشتہار ’’کیا محمد حسین بٹالوی ایڈیٹر اشاعۃ السنہ کو عدالت صاحب ڈپٹی کمشنر ضلع گورداسپور میں کُرسی ملی؟‘‘ مطبوعہ 7مارچ 1898ء میں آپؓ کا نام بطور گواہ درج فرمایا ہے۔
حضرت مہر سون صاحبؓ نے حضور علیہ السلام کا ایک اعجازی نشان بھی دیکھا۔ حضرت منشی عبدالعزیز صاحبؓ اوجلوی اس بارہ میں فرماتے ہیں: ’’… اُن کو نزول الماء کی بیماری تھی، حضرت خلیفہ اول کو آنکھیں دکھائیں تو انہوں نے فرمایا کہ پہلے پانی آکر بینائی بالکل جاتی رہے گی تو پھر ان کا علاج کیا جائے گا۔ ان کو اس سے بہت صدمہ ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے یہ طریق اختیار کیا کہ جب کبھی وہ قادیان آتے اور حضرت مسیح موعودؑ کے پاس بیٹھنے کا موقعہ پاتے تو حضور کا شملہ مبارک اپنی آنکھوں سے لگا لیتے، کچھ عرصہ میں ہی ان کی بیماری نزول الماء جاتی رہی اور جب تک وہ زندہ رہے ان کی آنکھیں درست رہیں اور کسی علاج وغیرہ کی ضرورت پیش نہ آئی۔‘‘
حضرت مہر سون صاحب اللہ تعالیٰ کے فضل سے ابتدائی موصیان میں سے تھے۔ وصیت نمبر 374تھا۔ آپ نے 2؍دسمبر 1909ء کو بعمر تقریباً 70سال وفات پائی اور بہشتی مقبرہ قادیان میں دفن ہوئے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں