رسول عربی ﷺ . غیر مسلم کی نظر میں

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 12نومبر 2021ء)
جناب جی ایس دارا بیرسٹر ایٹ لاء (ایڈووکیٹ ہائی کورٹ پنجاب) ایک انگریزی اخبار میں کالم نگار تھے اور ایک رسالہ ’’ہند‘‘ بھی آپ نے شروع کیا۔ آپ نے سیرۃالنبیﷺ کے حوالے سے ایک کتاب ’’رسول عربیﷺ‘‘ مرتب کی جس میں سے ایک اقتباس ماہنامہ ’’خالد‘‘ ربوہ نومبر دسمبر 2012ء میں شامل اشاعت ہے۔ اس کتاب کا پیش لفظ حفیظ جالندھری نے لکھا اور دیباچہ سیّد سلیمان ندوی نے تحریر کیا۔ اس کتاب کے مرتّب کرنے کا پس منظر بیان کرتے ہوئے جناب جی ایس دارا صاحب لکھتے ہیں:
’’پیغمبر اسلامﷺ کی شان کے خلاف اس نوع کی کہانیاں اور من گھڑت قصے مَیں نے سنے کہ جس کے سننے سے انسان کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں۔ … میرے دل میں خیال پیدا ہوا کہ مَیں پیغمبر اسلام کی زندگی کے حالات پڑھوں اور جو جو باتیں مَیں نے سنی ہیں ان کی تصدیق یا تردید کی جستجو کروں۔ پہلی دفعہ جب مَیں نے اس مضمون پر ایک کتاب دیکھی تو اس کے پڑھنے سے مجھے ازحد دلچسپی پیدا ہوئی۔ جوں جوں میرا مطالعہ بڑھتا گیا اتنی ہی آنحضرتﷺ کی عظمت میرے دل میں بڑھتی گئی۔ یہاں تک کہ میرے دل میں ایک آرزو پیدا ہوگئی کہ مَیں ان سب خیالات کو ایک جگہ اکٹھا کروں۔
طرح طرح کی کتابوں کے مطالعہ نے جو مَیں نے اس مضمون پر پڑھی تھیں میرے عالمِ خیال میں ایک پھلواری سی پیدا کردی۔ پنجابی، ہندی، اردو، فارسی، عربی کے پھول جہاں جہاں سے مجھے دستیاب ہوئے مَیں نے اپنے گلدستہ کے لیے چُن لیے اور نام اس کا‘‘رسول عربیﷺ ’’ رکھ کر قوم کی خدمت میں نذر کیا۔‘‘

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں