ضبط پر اب نہیں تیّار ، مجھے رونا ہے – نظم

جماعت احمدیہ امریکہ کے ماہنامہ ’’النور‘‘ دسمبر 2010ء میں لاہور میں ہونے والی دہشتگردی کے حوالہ سے مکرمہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ کی ایک طویل نظم شائع ہوئی ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:

ضبط پر اب نہیں تیّار ، مجھے رونا ہے
دل ہے آمادۂ تکرار ، مجھے رونا ہے
ضبط ایسا تھا کہ خلوت میں بھی آنسو نہ بہے
آج لیکن سرِ بازار ، مجھے رونا ہے
ہائے وہ اشک کہ جو چشمِ خلافت سے بہے
یہ وہی اشک ہیں ، سرکار ، مجھے رونا ہے
کچھ بھی ترکش میں نہیں اپنے بجز تیرِ دعا
نہ کوئی توپ نہ تلوار ، مجھے رونا ہے
مَیں کہ انسان کی عظمت پہ یقیں رکھتی تھی
کرچیاں ہیں مرے افکار ، مجھے رونا ہے
صبر مشکل ہے بہت دل کا سکوں ہے رونا
کھل کے اے لذّتِ آزار ، مجھے رونا ہے

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں