محترم مولانا محمد یوسف صاحب درویش قادیان

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں مکرم بدر الدین مہتاب صاحب کے قلم سے محترم مولانا محمد یوسف صاحب درویش ابن محترم رحیم بخش صاحب کا ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔
محترم مولانا محمد یوسف صاحب موضع بیرموکل ضلع لاہور میں قریباً 1920ء میں پیدا ہوئے۔ آپ کُل چار بھائی اور ایک بہن تھی۔ تقسیم ملک سے قبل ہی قادیان آچکے تھے۔ خاموش طبیعت کے مالک اور سادہ مگر صاف ستھرا لباس پہننے کی شروع سے عادت ہے۔ آپ کو دیہاتی مبلغین کلاس میں تعلم حاصل کرنے کا موقعہ بھی ملا۔ آپ نے حدیث اور فقہ کے مضامین میں عبور حاصل کیا۔
انتہائی صابر و شاکر ہیں ۔ انتہائی معمولی الاؤنس اور مشکل گھریلو حالات میں بھی اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوائی۔ ایک بار آپ سخت گرمی کے دنوں میں کوٹ زیب تن کئے جارہے تھے۔ ایک دوسرے درویش بھائی نے اس پر حیرت کا اظہار کیا تو آپ نے کہا کہ گھر میں صرف یہ کوٹ ہی پہننے کے لئے موجود ہے۔
آپ کی شادی 1951ء میں محترمہ شمیم فاطمہ صاحبہ بنت مکرم قاضی ظہیرالدین عباسی صاحب آف علی پور کھیڑہ ضلع مین پوری (یوپی) سے ہوئی۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے تین بیٹیوں اور ایک بیٹے سے نوازا۔ ایک بیٹی مکرمہ عائشہ بیگم صاحبہ پرنسپل نصرت گرلز کالج ہیں ۔
(نوٹ: محترم مولانا محمد یوسف صاحب کی وفات 22؍ جولائی 2015ء کو بعمر94 سال ہوئی اور آپ بہشتی مقبرہ قادیان میں مدفون ہوئے)۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں