محترم چودھری عبدالرحمن صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 18؍مئی 2001ء میں محترم چودھری عبدالرحمن صاحب کی وفات کی خبر شائع ہوئی ہے۔ آپ 17؍مئی 2001ء کو 68 سال کی عمر میں لاہور میں وفات پاگئے۔ آپ بہت دیندار، صاحب فراست، حلیم الطبع تھے۔ 1974ء میں آپ امیر ضلع گوجرانوالہ تھے اور آپ کا گھر مظلوم احمدیوں کے لئے ایک وسیع مہمان خانہ بناہوا تھا۔ اس دوران آپ نے خدمت خلق اور احمدی بھائیوں سے بے نظیر محبت اور ہمدردی کا نمونہ دکھایا۔
محترم چودھری صاحب نے قائد مجلس گوجرانوالہ کے طور پر جماعتی خدمات کا آغاز کیا۔ 1971ء میں آپ امیر ضلع مقرر ہوئے اور 1980ء تک یہ خدمت بجالائے۔ پہلی مرتبہ مئی 1968ء کو قضاء بورڈ کے رکن مقرر ہوئے اور پھر قریباً تیرہ سال صدر قضا بورڈ کے عہدہ پر فائز رہے۔ 1976ء سے آپ افتاء کمیٹی کے رکن بھی چلے آرہے تھے۔ 1995ء سے تاحال نائب صدر اوّل مجلس افتاء تھے۔ تدوین فقہ کمیٹی کے بھی رکن رہے۔ 1983ء سے اپنی وفات تک مجلس تحریک جدید کے بھی رُکن رہے۔ مجالس شوریٰ میں مختلف سب کمیٹیوں کے رکن اور کئی بار صدر بھی مقرر ہوئے۔ آپ ایک ماہر قانون دان تھے اور دیوانی مقدمات میں ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ تک آپ کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جاتا تھا۔ کئی جماعتی مقدمات میں آپ نے خدمات انجام دیں۔
آپ 9؍مارچ 1933ء کو لویری والا ضلع وزیرآباد میں حضرت عبدالحمید وڑائچ صاحبؓ سب انجینئر واہ سیمنٹ فیکٹری کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ کی والدہ صحابیہ تھیں جنہوں نے لمبی عمر پائی اور 1991ء میں جلسہ سالانہ قادیان کے موقع پر حضرت خلیفۃالمسیح الرابع ایدہ اللہ کے ارشاد پر انہیں خواتین کی جلسہ گاہ میں نمایاں جگہ پر بٹھایا گیا اور حضور انور نے خواتین کو اُن کی زیارت کرنے کا ارشاد فرمایا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں