مکرم حاجی شریف اللہ شیخ صاحب

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 12نومبر 2021ء)

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 20؍مارچ 2013ء میں مکرم حاجی شریف اللہ شیخ صاحب ولد مکرم عبداللہ شیخ صاحب مرحوم آف سفینہ ٹیکسٹائل فیصل آباد کی وفات کی خبر شائع ہوئی ہے۔ آپ یکم مارچ 2013ء کو بعد نماز فجر بعمر 78سال وفات پاکر قبرستان گوکھووال میں مدفون ہوئے۔

مرحوم شیخ صاحب بہت سی خوبیوں کے مالک تھے۔ ملنسار، مہمان نواز، جماعتی عہدیداران کی عزت اور ان سے تعاون کرنے والے، خلافت سے تعلق رکھنے والے، غرباء کا خیال رکھنے والے اور جماعتی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے تھے۔
محترم شیخ مظفر احمدظفر صاحب امیر ضلع فیصل آباد نے آپ کی وفات کے دن یعنی یکم مارچ کو خطبہ جمعہ کے دوران مرحوم کی مالی قربانیوں کا خصوصیت سے ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دفعہ جماعتی عمارت کی توسیع کے لیے خطبہ جمعہ میں عطیات کے لیے تحریک کی گئی تو بعد میں مکرم حاجی شریف اللہ صاحب میرے پاس آئے اور کہا کہ یہ پانچ لاکھ روپے میری طرف سے لے لیں۔ مَیں نے انہیں کہا کہ شیخ صاحب آپ سے میں نے پانچ لاکھ نہیں لینے۔ اس پر وہ کہنے لگے کہ میری بات تو سن لیں۔مگر میں نے کہا کہ شیخ صاحب! مَیں نے آپ سے پانچ لاکھ لینے ہی نہیں۔ اس پر دوبارہ انہوں نے کہا کہ میری بات تو سن لیں۔ تب میں نے کہا کہ بتائیں۔ تو کہنے لگے کہ یہ پانچ لاکھ روپے رکھ لیں اور جب تک توسیع کا کام ہوتا رہے ہر ماہ مجھ سے پانچ لاکھ لیتے رہیں۔
مکرم امیر صاحب نے بتایا کہ ایک دفعہ مکرم شیخ صاحب سے میری ملاقات ہوئی تو ایک مرکزی عمارت کی تعمیر میں اپنے چار لاکھ روپے کے وعدے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے خود مجھے کہا کہ فلاں عہدیدار کو پیغام دے دیں کہ وہ وعدے کی رقم مجھ سے وصول کر لیں۔
محترم شیخ صاحب مرحوم کے پسماندگان میں مکرمہ صادقہ بیگم صاحبہ بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں