مکرم صاحبزادہ داؤد احمد صاحب شہید

روزنامہ الفضل ربوہ یکم فروری 2012ء میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق 23 جنوری 2012ء کی صبح سرائے نورنگ ضلع بنوں کے ایک احمدی مکرم صاحبزادہ داؤد احمد صاحب ابن مکرم محمد شفیع صاحب کو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے سرِ بازار شہید کردیا۔ شہید مرحوم کی عمر 55 سال تھی اور آپ کے دودھیال اور ننھیال دونوں کا تعلق حضرت صاحبزادہ عبداللطیف صاحبؓ کے ساتھ تھا۔ آپ حضرت صاحبزادہ عبداللطیف صاحبؓ کے بیٹے مکرم صاحبزادہ عبدالسلام صاحب کے نواسے تھے۔
شہید مرحوم بی اے کرنے کے بعد محکمہ واپڈا کے شعبہ آڈٹ میں ملازم ہوگئے تھے لیکن دل کے عارضہ اور آپریشن ہوجانے کے سبب جلد ریٹائرمنٹ لے کر اپنی زمینوں اور جائداد کی دیکھ بھال کرتے تھے۔ مرحوم کا کسی سے کوئی دشمنی یا تنازعہ نہیں تھا۔
مرحوم 47 سال کی عمر میں جماعت احمدیہ مبایعین میں شامل ہوئے تھے اور اپنے گھر میں اکیلے مبایع احمدی تھے۔ نہایت نیک، نمازی، تہجد گزار، پرہیزگار اور مالی قربانی عمدگی سے کرنے والے تھے۔ عام اخلاق بہت ہی اچھا تھا۔ دل کے آپریشن کے باوجود رمضان میں روزے باقاعدگی سے رکھا کرتے تھے۔ جب آپ کو ریٹائرمنٹ لینی پڑی تو آپ نے پنشن لینے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ ملازمت کے دوران مجھ سے کئی کوتاہیاں ہوگئی ہوں گی اس لئے اُن خامیوں کے بدلے یہ پنشن گورنمنٹ کو دیتا ہوں۔
مرحوم نے لواحقین میں اہلیہ چھوڑی ہیں۔ آپ کی کوئی اولاد نہیں تھی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں