مکرم میر عبدالرشید تبسم صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 10اکتوبر 2011ء میں شامل اشاعت ایک مضمون میں مکرمہ محمودہ بشریٰ صا حبہ نے اپنے والد محترم میر عبدالرشید تبسم صاحب کا ذکرخیر کیا ہے۔
محترم میر عبدالرشید تبسم صاحب سابق نائب ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ 10؍اکتوبر 1944ء کو پونچھ (کشمیر) میں محترم حکیم عبدالرحیم صاحب (معلّم اصلاح و ارشاد) کے ہاں پیدا ہوئے۔ پرائمری کی تعلیم کوٹلی میں حاصل کی ۔ پھر تعلیم کی خاطرربوہ آگئے اور میٹرک کرنے کے بعد 1961ء میں جامعہ احمدیہ میں داخل ہوئے۔
1968ء میں شاہد کی ڈگری حاصل کی۔ اسی دوران مولوی فاضل اور ایف۔اے کے امتحانات بھی پاس کئے۔ چھ ماہ دفاتر صدر انجمن احمدیہ میں کام کرنے اور بیرون از ربوہ مختلف جماعتوں میں تربیتی امور بجالانے کی توفیق ملی۔ یکم مئی 1969ء سے اکتوبر 1971ء تک مربی ضلع بہاولنگر رہے۔ پھر 30مئی1972ء تک بطور مربی ضلع لاہور ذمہ داریاں نبھانے کی توفیق ملی۔بعد ازاں 4جون 1972ء کو گھانا بھجوائے گئے جہاں سے مارچ1980ء میں واپسی ہوئی۔ اگست 1980ء تا جولائی 1982ء بطور مربی ضلع شیخوپورہ خدمات بجا لانے کا موقع ملا۔ وسط 1982ء میں ہالینڈ بھجوائے گئے۔ جنوری 1984ء میں ہالینڈ سے واپسی ہوئی اور4 فروری 1984ء کو آپ کو حیدرآباد سندھ میں بطور مربی ضلع تعینات کیا گیا ۔ ستمبر 1992ء سے مربی ضلع بہاولپور کے طور پر اور جولائی 1994ء میں گلشن اقبال کراچی میں متعین ہوئے۔ اگست 1994ء سے کراچی اور سندھ کی دعوت الی اللہ کے نگران مقرر ہوئے۔ یکم نومبر 1996ء کو مربی ضلع راولپنڈی کے طور پر کام شروع کیا۔ 4جون2000ء سے مربی ضلع اٹک مقرر ہوئے۔ اگست 2003ء میں نائب ناظر اصلاح و ارشاد مقرر ہوئے۔ اسی دوران 22؍اگست 2005ء کو وفات پائی۔
آپ انتہائی فرمانبردار بیٹے،انتہائی پیارو محبت اور احسان کا سلوک کرنے والے شوہر، انتہائی شفیق باپ اور نہایت مخلص و وفا دار خادم دین تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں