محمدؐ کی جو بھی جبیں دیکھتے ہیں – نعتیہ کلام
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 13 نومبر 2012ء میں مکرم عبدالسلام صاحب کی نعت رسولﷺ بھی شامل اشاعت ہے۔ اس نعتیہ کلام میں سے انتخاب ملاحظہ کیجئے:
محمدؐ کی جو بھی جبیں دیکھتے ہیں
وہ چاند اور سورج نہیں دیکھتے ہیں
مدینے کی جو سر زمیں دیکھتے ہیں
زمیں پر وہ خلد بریں دیکھتے ہیں
جو قوسین کی ہیں تجلی کے شیدا
وہ ایمن کا جلوہ نہیں دیکھتے ہیں
مقام محمدؐ ہے سدرہ سے اونچا
مگر پھر بھی دل میں مکیں دیکھتے ہیں
جلالی ہو جلوہ کہ ہو وہ جمالی
ہر اک نقش ان کا حسیں دیکھتے ہیں
جو ہیں دیکھ لیتے مدینے کی گلیاں
سوئے کہکشاں وہ نہیں دیکھتے ہیں
جو ’’شق القمر‘‘ والی انگشت دیکھیں
وہ موسیٰ کی کب آستیں دیکھتے ہیں
جو ہیں دیکھتے ان کی پُر جذب سیرت
اِدھر یا اُدھر وہ نہیں دیکھتے ہیں
جو ہیں دیکھتے نقشِ پائے محمدؐ
خدا کو بچشم یقیں دیکھتے ہیں
مرا دل خوشی سے ہے بلیوں اُچھلتا
وہ جب میرا قلبِ حَزِیں دیکھتے ہیں
اگر جچ گیا ہوں میں ان کی نظر میں
تو پھر کیوں مجھے نکتہ چیں دیکھتے ہیں