پھولوں سے گلستاں کو سجایا ہے آپؑ نے … نظم
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 25؍مارچ 2024ء)
روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ 21؍مارچ 2014ء میں مکرم عبدالصمد قریشی صاحب کی درج ذیل نظم بعنوان ’’حضرت مسیح موعودؑ کے حضور‘‘ شامل اشاعت ہے:
پھولوں سے گلستاں کو سجایا ہے آپؑ نے
اس دَور کو حسین بنایا ہے آپؑ نے
راہِ ہدیٰ پہ ہم کو چلایا ہے آپؑ نے
در صدق و راستی کا دکھایا ہے آپؑ نے
بخشی ہےپھر سے عشق کے جذبوں کو تازگی
زندہ خدا سے ہم کو ملایا ہے آپؑ نے
بھٹکے ہوئے تھے ہم تو اندھیروں میں چار سُو
اِک روشنی کا دیپ جلایا ہے آپؑ نے
مُردہ دلوں کو پھر سے عطا کی ہے زندگی
یہ معجزہ بھی کر کے دکھایا ہے آپؑ نے
سوئے پڑے تھے وہ جو جہالت کی نیند میں
ان غافلوں کو پھر سے جگایا ہے آپؑ نے
جتنے نشاں تھے پورے سبھی آپؑ پر ہوئے
رتبہ امامِ وقت کا پایا ہے آپؑ نے