مکرم منور احمد قیصر صاحب شہید

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل 3 جولائی 2020ء)

لجنہ اماء اللہ جرمنی کے رسالہ ’’خدیجہ‘‘ (شہداء نمبر۔ شمارہ2۔2010ء) میں مکرم منور احمد قیصر صاحب شہید کا ذکرخیر اُن کی کزن مکرمہ شفقت عزیز صاحبہ کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔ شہید مرحوم کا ذکرخیر قبل ازیں 7؍اکتوبر 2016ء کے شمارہ کے ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ کی زینت بن چکا ہے اور اسی ویب سائٹ میں سرچ کیا جاسکتا ہے۔ ذیل میں چند اضافی امور پیش ہیں۔
مکرم منور احمد قیصر صاحب کے دادا مکرم دوست محمد صاحب کو خلافت ثانیہ میں قبول احمدیت کی سعادت عطا ہوئی- تاہم ان کے کزن حضرت میاں عبدالعزیز صاحبؓ تھے جو گوجرہ کے رہنے والے تھے اور پیشے کے لحاظ سے آڑھتی تھے اور اپنے خاندان میں پہلا احمدی ہونے کا شرف ان کو حاصل ہوا تھا۔
شہید مرحوم بہت اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے اور خدمت دین کے ہر کام میں پیش پیش رہتے۔ اپنے حلقے میں سیکرٹری ضیافت تھے۔ نیز کئی سالوں سے مسجد دارالذکر کے بیرونی گیٹ پر ڈیوٹی دیا کرتے تھے۔ ان کی اہلیہ بتاتی ہیں کہ سانحہ لاہور والے دن نیاسوٹ پہنا تو مَیں نے کہا کہ آپ تو دلہا لگ رہے ہیں۔ جب گیٹ پر ڈیوٹی دے رہے تھے تو آپ کا ایک بیٹا قریب کھڑا تھا۔ آپ نے اسے کہا کہ تم اندر جاکر نماز ادا کرو۔ بیٹا ابھی اندر گیا ہی تھا کہ ایک دہشتگرد نے آپ پر گولی چلائی۔ آپ نے زخمی ہونے کے باوجود اُس دہشتگرد کو پکڑلیا تو اُس کے ایک ساتھی نے پیچھے سے آپ پر گولی چلادی۔ ہسپتال لے جاتے ہوئے آپ راستے میں ہی شہید ہوگئے۔ آپ کی عمر 58 سال تھی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

2 تبصرے “مکرم منور احمد قیصر صاحب شہید

  1. اسلام علیکم
    میاں عبدالعزیز صاحب آف گوجرہ شہید مرحوم کے دادا نہیں ہیں۔ ان کے دادا دوست محمد ہیں۔

    1. مکرم ناصر احمد صاحب کی بات درست ہے۔ اگرچہ مضمون نگار نے اپنے مضمون میں اسی طرح لکھا تھا جو کہ غلط ہے- چنانچہ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ میں مرحوم کا ذکرخیر کرتے ہوئے جو ارشاد فرمایا ہے اُس کے مطابق اس مضمون میں تبدیلی کی جارہی ہے۔ نیز 17جولائی کے الفضل انٹرنیشنل کے شمارے کے کالم الفضل ڈائجسٹ میں اس کی تصحیح بھی شائع کردی جائے گی- انشاءاللہ- رہنمائی کا بہت شکریہ۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء۔

Leave a Reply to ناصر احمد Cancel reply