حضرت سیدہ محمودہ بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہا
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بہو، حضرت مصلح موعودؓ کی حرم اور حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ کی والدہ حضرت سیدہ محمودہ بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہا کا شمار لجنہ کی ابتدائی چودہ ممبرات میں ہوتا ہے۔
آپؓ حضرت خلیفہ رشیدالدین صاحب کی صاحبزادی تھیں اور آپؓ کی کنیت ’امّ ناصر‘ تھی۔ آپؓ کا رشتہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اس وقت تجویز فرمایا جب حضرت مصلح موعودؓ کی عمر 7 برس تھی۔ شادی سے پہلے آپؓ کا نام رشیدہ بیگم تھا جو حضرت اماں جان نے بدل دیا۔ اکتوبر 1903ء میں آپؓ کی شادی ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے ان کے بطن سے 7 بیٹے اور 2 بیٹیاں عطا فرمائیں۔
1913ء میں حضرت مصلح موعودؓ نے ایک اخبار کی ضرورت محسوس فرمائی تو حضرت سیدہؓ نے اخبار کے اجراء کے لئے اپنا زیور پیش کردیا۔ بہت سلیقہ مند تھیں۔ حضرت مصلح موعودؓ کے کپڑوں کا انتظام آخر دم تک خوش اسلوبی سے نبھایا۔
36 سال تک لجنہ اماء اللہ کی صدر رہنے کا اعزاز بھی آپؓ کو حاصل تھا۔ لوائے احمدیت کی تیاری کے لئے سوت کاتنے کا شرف بھی پایا۔ مستورات کی اولین درسگاہ آپؓ ہی کے گھر میں قائم ہوئی۔ 31؍جولائی 1958ء کو آپؓ نے وفات پائی۔
آپ کا ذکر خیر محترمہ ستارہ مظفر صاحبہ کے قلم سے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 14 و 15؍جنوری 1996ء کی زینت ہے۔