درویش صحابہ کرام: حضرت بابا اللہ بخش صاحب ؓ

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں مکرم تنویر احمد ناصر صاحب کے قلم سے اُن 26 صحابہ کرام کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے جنہیں قادیان میں بطور درویش خدمت کی سعادت عطا ہوئی۔
حضرت بابا اللہ بخش صاحبؓ ولد مکرم محکم دین صاحب آف ہرچووال (نزد قادیان) نے غالباً 1905ء میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت و زیارت کی سعادت حاصل کی۔ پیشہ کے لحاظ سے آپؓ جفت ساز تھے۔
آپ نہایت شریف النفس کم گو اورعابد و زاہد بزرگ تھے۔ اپنی جوانی کے ایام میں حضرت مسیح موعودؑ کی ڈیوڑھی میں دربانی کا شرف کئی سال تک حاصل رہا اور اس کے بعد حضرت نواب محمد علی خاں صاحب ؓ کے خانگی ملازموں میں شامل ہوگئے۔آپ نہایت متوکل ، سادہ طبع اور عبادت گزار انسان تھے اور آپ کو دیکھ کر عبودیت کا مفہوم ذہن نشین کرنا آسان ہوجاتا تھا۔ نصف شب سے ہی وضو کرکے نوافل اور دُعاؤں میں مشغول ہوجاتے۔
آپؓ کے اکلوتے فرزند میاں علم الدین صاحب احمد نگر (نزد ربوہ) میں مقیم تھے جنہیں آپؓ کی آخری بیماری میں کچھ عرصہ قادیان جاکر آپؓ کی خدمت کی توفیق ملی۔
حضرت بابا اللہ بخش صاحبؓ درویش کی وفات 31؍جولائی 1964ء کو 82 سال کی عمر میں ہوئی اور بہشتی مقبرہ قادیان میں دفن ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں