سلام اُس پر کہ جو جامِ وصالِ یار لایا تھا – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 21؍مارچ 2015ء میں مکرم عبدالسلام صاحب کی ایک نظم بعنوان ’’روحانی مریضوں کا طبیب‘‘ شائع ہوئی ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
سلام اُس پر کہ جو جامِ وصالِ یار لایا تھا
سلام اُس پر کہ جس نے مُردہ رُوحوں کو جِلایا تھا
جسے اللہ نے عشقِ محمدؐ کی سعادت دی
سلام اُس پر کہ جس کی چاند سورج نے شہادت دی
جہاں بھر پر جو لہرایا تھا وحدت کا عَلم ہوکر
سلام اُس پر کہ جو آیا تھا ’’سلطان القلم‘‘ ہوکر
بِنائے کہنہ جس نے ضربِ پیہم سے ہلا ڈالی
سلام اُس پر کہ جس نے احمدیت کی بِنا ڈالی
شفا لے کر ہے روحانی مریضوں کا طبیب آیا
سلام اُس پر جو ہو کر صبح صادق کا نقیب آیا