مجلس انصاراللہ کے تحت خدماتِ خلق

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ کے ’’خدمت خلق‘‘ کے حوالہ سے شائع ہونے والے سالانہ نمبر 2011ء میں مکرم محمدرئیس طاہر صاحب کے قلم سے مجلس انصاراللہ کے تحت سرانجام دیئے جانے والے خدمت خلق کے چند شاندار کارناموں کا ذکر کیا گیا ہے۔
اس مضمون میں اعدادوشمار کے حوالہ سے مختلف طبّی خدمات کے ضمن میں ہومیو ڈسپنسری و میڈیسن بینک کے قیام ، میڈیکل کیمپس لگانے اور عطیہ خون پیش کرنے کا ذکر ہے۔ نیز المہدی ہسپتال مٹھی (سندھ) کا تعارف پیش کیا گیا ہے جسے مجلس انصاراللہ نے صدسالہ جوبلی جشن تشکر کی مناسبت سے 21؍ایکڑ اراضی خرید کر تعمیر کیا۔ اس کی عمارت ایمرجنسی روم، ایکسرے روم، ٹیکنیشن روم، ڈارک روم، لیبارٹری روم، ایڈمن روم، ڈسپنسری روم، ڈاکٹر روم، لیڈی ڈاکٹر روم، سرجن روم، آپریشن تھیٹر، Patient روم، Sterile روم، I.T.G. روم، Hanging روم، Watching روم کے علاوہ بارہ بستروں پر مشتمل وارڈ، ایک کشادہ پورچ، دو سٹاف کوارٹرز، ایک ڈاکٹر کا بنگلہ، یعنی کل مسقف حصہ 5 ہزار 953 مربع فٹ پر مشتمل ہے۔ 1995ء میں عمارت کی تکمیل پر حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کے ارشاد پر یہ ہسپتال وقف جدید کے سپرد کر دیا گیا۔
قدرتی آفات کے مواقع پر گرانقدر خدمات کے علاوہ وقارعمل کے ذریعہ سرانجام دیئے جانے والے چند بڑے منصوبے بھی اس مضمون میں بیان کئے گئے ہیں ۔ نیز جماعت کے مرکزی نظام کے تحت بیوت الحمد سکیم، اسیران راہ مولیٰ کے لئے جیلوں میں خدمات، مساجد کی تعمیر اور دیگر امور میں انصار کے گرانقدر عطایا پیش کرنے کا ذکر ہے۔ دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے انصار کی بعض قربانیوں کا بھی اس مضمون میں بیان ہے۔
حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے ایک بار فرمایا تھا: ’’حقیقت یہ ہے کہ نہ عبادت کے مذہب کا کوئی نام ہے نہ غریب کی ہمدردی کے مذہب کا کوئی نام ہے۔ یہ وہ دو قدر مشترک ہیں جو تمام مذاہب کے درمیان موجود ہیں ۔ … خدمت خلق کا بھی کوئی نام نہیں سوائے خدمت خلق کے اور یہی وہ دین قیّمہ ہے جس کا قرآن میں ذکر ملتا ہے۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں