محترم مولانا شریف احمد امینی صاحب درویش
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں محترم مولانا شریف احمد امینی صاحب ولد سیٹھ محمد ابراہیم صاحب کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔
محترم شریف احمد امینی صاحب 19؍نومبر 1917ء کو بمقام بنگہ ضلع جالندھر میں پیدا ہوئے۔ 1934ء میں میٹرک پاس کر کے قادیان آگئے اور یہاں مولوی فاضل جامعہ احمدیہ کی درجہ رابعہ مبلغین کلاس 1938ء میں پاس کی اور 1942ء میں ایف اے انگریزی بھی پاس کرلیا۔ پھر آپ جامعہ احمدیہ میں بطور مدرس مقرر ہوئے۔ آپ انگریزی، عربی، اردو ، پنجابی زبان میں بڑی عمدگی کے ساتھ تقاریر کیا کرتے تھے۔ مذاہب عالم پر بڑی وسیع معلومات رکھتے تھے۔ اسلامیات کا بڑا گہرا مطالعہ تھا۔ 1947ء سے ممبر صدر انجمن احمدیہ ، نائب ناظر تعلیم، نائب ناظر اعلیٰ کی خدمات بجا لاتے رہے۔ آپ کو1951 ء میں میدان تبلیغ میں بھجوایا گیا اور آپ نے ہندوستان کی بڑی جماعتوں حیدرآباد، ممبئی، کولکتہ، مدراس میں جنوری 1951ء سے فروری 1977ء تک تبلیغی و تربیتی خدمات کی توفیق پائی۔ بعد ازاں مرکز قادیان میں آپ کو بطور نائب ناظر دعوت و تبلیغ اور بطور ناظر امور عامہ خدمات بجا لانے کی توفیق ملی۔پھر 1984ء سے 1986ء تک کبابیر فلسطین میں بطور مبلغ خدمت بجالائے۔ وہاں سے واپس آکر نظارت دعوت و تبلیغ میں بطور ایڈیشنل ناظر خدمات بجالاتے رہے۔ آپ سلسلہ احمدیہ کے جیّد عالم، بہت سی خوبیوں کے مالک اور خوش بیان مقرر تھے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو تین بیٹے اور تین بیٹیاں عطا فرمائیں ۔ آپ کی وفات 22؍فروری 1990ء کو ہوئی۔