محترم ڈاکٹر ضیاء الدین صاحب

احمدیہ ہسپتال کانو(نائیجیریا) کے بانی محترم ڈاکٹرضیاء الدین صاحب20سال تک خدمت خلق میںمصروف رہنے کے بعد 11؍جولائی 1981ء کو 56سال کی عمر میں وفات پاگئے۔آپ کا جنازہ ربوہ لایاگیاجہاں حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے نماز جنازہ پڑھائی اور بہشتی مقبرہ میں تدفین عمل میںآئی۔
محترم ڈاکٹر ضیاء الدین صاحب نے حضرت مصلح موعودؓ کی ہدایت کے نتیجہ میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کی اور پھر فضل عمر ہسپتال میں چند سال کام کرنے کے بعدپہلے سیرالیون اور پھرنائیجیریا میں خدمت کے میدان میں قدم رکھا۔ اگرچہ کلینک کا آغاز احمدیہ مرکز تبلیغ میں ہوا لیکن کچھ عرصہ بعد ہی ایک بڑی عمارت کرایہ پر حاصل کرنی پڑی اور دسمبر 1968ء میں کانو کے وسطی علاقہ میں احمدیہ ہسپتال کی تعمیر شروع ہوگئی۔ 1970ء میںہسپتال نئی عمارت میں منتقل کردیا گیا اور کرایہ کی عمارت میں احمدیہ سکول کا آغاز بھی کردیا گیا۔
محترم ڈاکٹر صاحب نے مقامی زبان (ہاؤسا)سیکھی اور آپ کے جذبہ خدمت خلق نے آپ کو جلد ہی ہردلعزیز کر دیا۔ چنانچہ آپ کی وفات پر متعدد اہم سرکاری عہدیداروں اور دُوردراز کے عوام نے یکساں طور پر گہرے غم کا اظہار کیا۔یہ امرقابل ذکر ہے کہ مرحوم دوسرے احمدی ڈاکٹر تھے جنہوں نے نائیجیریا میں خدمت کرتے ہوئے وفات پائی۔ پہلے ڈاکٹر محمدیوسف صاحب مرحوم تھے جولیگوس میں احمدیہ مشنری ڈاکٹر تھے۔
محترم ڈاکٹر ضیاء الدین صاحب کاذکر خیر روزنامہ’’الفضل‘‘ ربوہ 16؍ نومبر1996ء میں بقلم مکرم محمد اجمل شاہد صاحب، ماہنامہ ’’تحریک جدید‘‘ کی ایک پرانی اشاعت سے منقول ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں