چند بیماریوں کا آسان سائنسی علاج – ذاتی تجربات کی روشنی میں

(مطبوعہ رسالہ انصارالدین جولائی و اگست 2023ء)

(شیخ محمد وسیم حیات۔ مانچسٹر )

انسانی جسم کو ارتھ کرنے سے متعلق بہت ہی حیرت انگیز اور دلچسپ تحقیق انٹرنیٹ پر موجود ہے جس سے ذاتی طور پر خاکسار نے بہت استفادہ کیا ہے اور یہ معلومات افادۂ عام کے لیے یہاں پیش کرنا چاہتا ہوں۔
اس حیرت انگیز تحقیق کا پس منظر یہ بتایا جاتا ہے کہ بحیثیت انسان، ہم زمین سے پیچیدہ طور پر منسلک ہیں، کیونکہ ہمارے جسم اسی زمین کی مٹی سے بنے ہوئے ہیں، ہم اسی میں پیدا ہوتے ہیں اور یہیں زندگی بسر کرکے اسی میں حل ہوجاتے ہیں۔ اس لیے زمین یا مدر ارتھ (Mother Earth) کے ساتھ ہمارا یہ تعلق صرف علامتی نہیں ہے، بلکہ ہماری فلاح و بہبود کے لیے ایک قدرتی اور بنیادی ضرورت بھی ہے۔ چنانچہ ایسے طریقوں کو اختیار کرکے جو ہمیں زمین کے قریب لاتے ہیں ہم ممکنہ طور پر جسم میں سوزش پیدا کرنے والے مادوں میں کمی کرتے ہوئے صحت میں بہتری حاصل کر سکتے ہیں۔


گزشتہ سال نومبر کی بات ہے کہ مَیں اپنی نظر کے چشمے کا نمبر چیک کروانے کے لیے ایک ماہر امراض چشم کے پاس گیا۔ اس نے میری بصارت کی جانچ پڑتال کی اور پھر میری آنکھ کے پردے کےپیچھے خون کی لیکیج کے نشانات دیکھے تو اس نے مجھے ایمرجنسی میں ہسپتال کے سپیشلسٹ کے پاس بھجوادیا۔ وہاں میری دونوں آنکھوں کا سکین کیا گیا اور مجھے میکولا پر خون کے رسنے کے دھبوں کی تصاویربھی دکھائی گئیں۔ انہوں نے مجھے دائیں آنکھ میں انجکشن لگوانے کا مشورہ دیا تومَیں نے اُن سے فیصلے کے لیے کچھ وقت مانگا۔تب انٹرنیٹ پر موجود مصدّقہ تحقیق کا لمبے عرصہ مطالعہ کرنے کے بعد مَیں نے زیرو وولٹ تھراپی کے بارے میں اپنی زندگی میں جو تجربہ کیا وہ آج بیان کرنا چاہتا ہوں۔


چونکہ میرا شعبہ بھی الیکٹرک اور الیکٹرانکس سے تعلق رکھتا ہے اس لیے انسانی جسم کو ارتھ کرنے سے متعلق جدید تحقیق نے مجھے اپنی طرف راغب کرلیا۔ مطالعہ کرتے ہوئے اور اس کے نتائج کی متعدد ویڈیوز دیکھنے کے بعد مَیں نے اسے آزمانے کا فیصلہ کیا اور ایک تجربے کے خاطر اپنے جسم کو دو راتوں کے لیے تانبے کی ایک تار کے ساتھ جوڑ کرمٹی میں ارتھ کیا۔ تیسرے دن میری مانچسٹر آئی ہسپتال میں فالو اپ اپائنٹمنٹ تھی ۔ ڈاکٹر نے میرا چیک اپ کیا تو حیران کُن طور پر اُن کو میرے میکولا پر سوزش اور لیکیج کا کوئی دھبہ نظر نہیں آیا اور تصدیق کی کہ میری آنکھ پہلے سے بہتر ہے۔ چنانچہ مَیں نے آنکھ میں انجکشن نہ لگوانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے فوراً بعد مَیں پاکستان چلا گیا اور دو ماہرین چشم سے مکمل چیک اَپ کروایا۔ جنہوں نے معائنہ کرکے یہی بتایا کہ آنکھوں میں ایسی کوئی چیز نظر نہیں آتی جس کا ذکر میری سابقہ رپورٹس میں کیا گیا ہے ۔ یہ میرا پہلا کامیاب تجربہ تھا۔
مزید برآں جب میں نے صرف دو راتوں کے لیے اپنے جسم کو مٹی کے ساتھ ارتھ کیا تو مجھے اس طرح کرنے سے دو اَورچیزوں میں بھی بہتری کا احساس ہوا جس نے مجھے حیران کردیا۔ 5 سال پہلے میرا ہرنیا کا آپریشن ہوا تھا اور تب سے مجھے اس جگہ کی جلد کے نیچے ہلکا ہلکا درد رہتا تھا لیکن صرف دو دن میں میرا یہ درد بالکل ختم ہوگیا تھا ۔ یہ راحت کا حیرت انگیز احساس تھا جو ناقابل یقین بھی تھا۔ اس کے علاوہ جسم کی ارتھنگ کے نتیجے میں میری بائیں ٹانگ کے کولہے کا درد بھی ختم ہو گیا تھا۔ اور میں نے محسوس کیا کہ یہ سب چیزیں جادو کی طرح ہو رہی ہیں۔


ارتھنگ کے سائنسی ثبوت بھی باقاعدہ موجود ہیں۔ اسے گراؤنڈنگ بھی کہا جاتا ہے اور اس کے ممکنہ صحت سے متعلق فوائد اور معلومات انٹرنیٹ پر بکثرت مہیا ہیں۔ ان مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ ارتھنگ سوزش کے نشانات کو کم کر سکتی ہے، نیند کے معیار کو بہتر بنا سکتی ہے اور خون کے بہاؤ اور دل کی دھڑکن کے تغیر کو بڑھا سکتی ہے۔ تجربے سے معلوم ہوتا ہے کہ ارتھنگ (گراؤنڈنگ) انسانی جسم میں خون کی viscosity کو کم کرتا ہے۔ چنانچہ ڈاکٹر گیٹن شیولیئر اور ڈاکٹر جیمز ایل اوشمین (2012ء) کے ذریعہ قلبی امراض میں بھی یہ مفید ہے اور جسم پر مختلف شعاعوں کے منفی اثرات کو ختم کرتا ہے۔ اس کے لیے براہ راست ارتھنک کی بجائے ارتھنگ میٹ یا شیٹس بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔
اگرچہ ارتھنگ کے ذریعے تجربات کرکے مَیں نے ذاتی طور پر کئی فوائد حاصل کیے ہیں جن میں سوزش اور درد میں کمی، پُرسکون نیند کا حصول اور خون کے بہاؤ میں بہتری شامل ہیں۔ تاہم احباب کو اس کا تجربہ کرنے سے قبل خود بھی یہ تحقیق پڑھ لینی چاہیے۔

REFERENCES:
1. Chevalier G, Oschman J (2012(:
Earthing (Grounding) the Human Body Reduces Blood Viscosity – A Major Factor in Cardiovascular Disease.
2. Chevalier G, et al (2012(:
Grounding the Human Body During Sleep as a Countermeasure for the Adverse Effects of Technological Pulsed Electromagnetic Fields on the Autonomic Nervous System.

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں