احمد آباد کے جھولتے مینار
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 27؍اگست 2021ء)
احمد آباد کا شہر،ممبئی سے تقریباً پونے تین سو میل شمال میں دریائے سابرمتی کے کنارے واقع ہے۔ 1411ء میں احمدشاہ اوّل (شاہ گجرات) نے اس شہر کی بنیاد رکھی تھی۔ 1572ء میں یہ شہر اکبر کے قبضے میں آیا اور تقریباً ایک صدی تک مغلوں کے ماتحت رہا۔ روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ 8؍مئی 2013ء میں عجائباتِ عالم کے حوالے سے احمد آباد (بھارت) کے جھولتے میناروں کا ذکر کیا گیا ہے جو اپنی انوکھی تعمیر کے حوالے سے کسی عجوبہ سے کم نہیں۔ یہ دونوں مینار دراصل سیّدی بشیر مسجد کے ہیں جس کی تعمیر1452ء میں ہوئی۔ اس مسجد کے بارے میں قطعی علم نہیں کہ آیا یہ مسجد سیّدی بشیر نے بنائی ہے جو سلطان احمد شاہ کا غلام تھا یاپھر ملک سارنگ نے بنوائی ہے جو سلطان محمد بیگرا کے عہد میں اس علاقے کا ایک رئیس تھا۔
حیرت انگیز امر یہ ہے کہ کسی بھی مینار کے سب سے بالائی حصّے سے اگر معمولی سی حرکت ملے تو یہ جھولنے لگ جاتے ہیں۔ ان دو میناروں میں سے ایک مینار کو ایک انگریز نے اس کے جھولنے کے عمل کو معلوم کرنے کے لیے توڑدیا تھا۔مگر اس راز کو وہ پھر بھی معلوم نہ کر سکا۔ ہر مینار کی تین منزلیں ہیں جو انتہائی متوازن اورعمدہ طرز تعمیر کا شاہکار ہیں۔ ایک اور حیران کن بات یہ ہے کہ اگر ایک مینار کو حرکت ملے تو دوسرامینار بھی خودبخود حرکت میں آجاتا ہے۔