ایک احمدی مسلمان کا اعزاز

(مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل 10؍جنوری2024ء)

خداتعالیٰ کے فضل اور حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی راہنمائی میں ہمارے ایک واقف زندگی بھائی مکرم منصور احمد صاحب بنگالی کارکن الشرکۃالاسلامیہ کو سالہاسال سے مختلف حیثیتوں سے سماجی اور قومی خدمات کی توفیق عطا ہورہی ہے۔ اس حوالے سے انہیں متعدد ایوارڈز اور اعزازات سے بھی نوازا جاتا رہا ہے۔ایسے ایوارڈز ملنے پر انہوں نے اپنے انٹرویوز میں ہمیشہ اپنی کامیابیوں پر اظہار تشکّر کرتے ہوئے ان کو خدا تعالیٰ کا فضل، احمدیت کی برکت اور خلیفہ وقت کی دعاؤں کے طفیل قرار دیا ہے۔ حال ہی میں انہیں ہاؤس آف لارڈز کے ایک ایوارڈ برائے “Community Cohesion and Integration” سے بھی نوازا گیا تھا۔ یہ ایوارڈ اُن خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے جو انہوں نے معاشرے کے مختلف طبقات میں رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے سرانجام دی ہیں۔ چنانچہ اس حوالے سے ۲۰؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کو ہاؤس آف لارڈز میں منعقد کی جانے والے خصوصی تقریب میں (جس میں جناب لارڈ طارق احمد بی ٹی صاحب وزیر مملکت نے بھی شرکت کی) یہ بتایا گیا کہ مکرم منصور احمد صاحب نے مہنگائی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے دوران اپنے معاشرے کے مظلوم طبقات کو زندگی گزارنے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے غیرمعمولی محنت سے خدمت بجالانے کی توفیق پائی ہے۔ انہوں نے فوڈ بنک میں نمایاں خدمت کرنے کے علاوہ ضرورت مند افراد کو کھانا مہیا کرنے ، ذرائع آمدورفت میں آسانی پیدا کرنے اور غرباء کے لیے عطایا اکٹھے کرنے کا بہت عمدہ کام سرانجام دیا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو اُن کے حقوق سے روشناس کروانے، طلبہ کو تعلیمی سہولتیں بہم پہنچانے اور سکولوں کی ترقی کے پروگراموں کے لئے بھی خدمت کی نمایاں توفیق پائی ہے۔چنانچہ انہیں ایک اعلیٰ برطانوی سول اعزاز ’’برٹش ایمپائر میڈل‘‘ (BEM) کے علاوہ ان کی معاشرتی خدمات کی وجہ سے اکتوبر 2019ء میں برطانوی پارلیمنٹ کے ہاؤس آف لارڈز میں منعقدہ ایک تقریب میں BCHA ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ نیز یہ پہلے برٹش بنگلہ دیشی ہیں جنہوں نے 2021ء میں برٹش سٹیزن ایوارڈ حاصل کیا تھا جو معاشرے میں عوام کے لیے نمایاں رضاکارانہ خدمات بجالانے پر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح عالمی وبائی بیماری کووِڈ 19 کے دوران کی جانے والی خدمات کے اعتراف میں دسمبر 2020ء میں انہیں ’’میئرآف لندن بارو آف مرٹن کووڈ19‘‘ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔اسی طرح لمبے عرصے کی سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں کمیونٹی ایوارڈز اور سکول گورنر ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔


ہاؤس آف لارڈ ز میں منعقدہ حالیہ تقریب میں مذکورہ ایوارڈ دیے جانے کے بعد مکرم منصور احمد صاحب نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور معاشرے کے مجبور طبقات کے لیے کی جانے والی اپنی خدمات کے دائرے کو وسیع کرنے کے لیے عملی جدوجہد کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ماہ دسمبر کے آغاز میں ماسکو (روس) میں ہونے والی ایک کانفرنس میں مکرم منصور احمد صاحب کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانے والی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایک انٹرنیشنل ہیومینیٹیرین ایوارڈسے بھی نوازا گیا ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
قارئین سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ تمام اعزازات موصوف کے لیے اور جماعت احمدیہ کے لیے ہرپہلو سے مبارک فرمائے اور ان کو انسانیت کی بہبود کے لیے مقبول خدمات کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(محمود احمد ملک مدیر رسالہ انصارالدین یوکے)

 

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں