حضرت سیّدہ اُمّ متین مریم صدیقہ صاحبہ

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 18؍دسمبر 2023ء)

لجنہ اماءاللہ جرمنی کے رسالہ ’’خدیجہ‘‘ برائے2013ء نمبر1 میں مکرمہ فوزیہ وسیم صاحبہ نے حضرت چھوٹی آپا (سیّدہ مریم صدیقہ صاحبہ) کا ذکرخیراپنی والدہ محترمہ انیس شمشاد صاحبہ کی یادوں کے حوالے سے کیا ہے۔
محترمہ انیس شمشاد صاحبہ بیان کرتی ہیں کہ حضرت چھوٹی آپا صاحبہ سب سے بہت محبت اور پیار سے پیش آتیں۔ جب بھی کوئی اپنے مسائل کے بارے میں آپ کو بتاتا تو بہت غور سے سنتی تھیں اور پھر اس کی رازداری کا بھی مکمل خیال کرتیں۔ آپ کے پاس بہت زیادہ عورتیں ملنے کے لیے ا ٓتی تھیں۔ آپ تھکاوٹ کے باوجود کبھی کسی کو ملنے سے انکار نہیں کرتی تھیں۔ ایک دفعہ میں نے کہا کہ عورتیں وقت بےوقت آپ سے ملنے آجاتی ہیں۔ مَیں اخبار میں آپ کے ملنے کے اوقات چھپوا دیتی ہوں۔ آپ نے بےساختہ فرمایا: نہیں!یہ ظلم نہ کرنا۔ مجھے حضرت مصلح موعودؓ یہ ذمہ داری سونپ کر گئے ہیں اور مَیں یہی کام کرتے ہوئے مرنا چاہتی ہوں۔


آپ اپنے ساتھ کام کرنے والی معاونات کا بہت خیال رکھتی تھیں اور بےحد مصروفیات کے باوجود سب کی خوشی و غمی میں شامل ہونے کی پوری کوشش کرتیں۔ ایک دفعہ مَیں نے اپنی والدہ کی بیماری میں دعا کی درخواست اخبار میں شائع کروائی تو آپ پڑھ کر بہت خفا ہوئیں کہ مجھے پہلے کیوں نہیں بتایا۔ اور بعد میں پھر باقاعدہ ان کا حال احوال پوچھتی رہیں۔
آپ بہت باپردہ خاتون تھیں۔ سر سے لے کر پاؤں تک برقع ہوتا اور چہرہ نقاب سے ڈھانپا ہوتا۔ کھلا برقع پہنتی تھیں۔ پردے کی تمام شرائط پوری کرتیں۔ ربوہ میں کسی جگہ سے گزر رہی ہوتیں تو آپ کا پردہ دیکھ کر دوسری عورتیں بھی اپنا پردہ ٹھیک کرنے لگ جاتیں۔ مجھے آپ کے ساتھ بہت سے جماعتی اور تبلیغی دورہ جات کی توفیق ملی۔ کئی میل تانگے پر اور کبھی پیدل بھی فاصلہ طے کرنا ہوتا تھا۔ ایسے ہی ایک موقع پر آپ نے فرمایا کہ ’’حضرت مصلح موعودؓ فرماتے تھے کہ عورتوں کو گھر سے اکیلے باہر نہیں نکلنا چاہیے۔ کوئی بڑا لڑکا نہیں ہے تو کسی چھوٹے بچے کو ہی ساتھ لے لواور کچھ نہیں تو ضرورت کے وقت بچہ رو کر یا شور مچا کرلوگوں کو متوجہ کرسکتا ہے۔‘‘
احمدی عورتوں پر آپ کا بڑا احسان کتاب ’’اوڑھنی والیوں کے لیے پھول‘‘ کی صورت میں ہے۔ اس میں حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ کے خواتین سے ارشاد فرمودہ خطابات جمع کیے گئے ہیں۔ خدا کے فضل سے اس تنظیم میں جو بنیادیں آپ بناگئی ہیں وہ ہم پر ایک بہت بڑا احسان ہے۔
1967ء میں مَیں نے ایم اے عربی کیا تو حضرت چھوٹی آپا نے مجھ کو بلاکر چھ اراکین پر مشتمل ایک گروپ میں شامل فرمادیا جس کا مقصد لجنہ اماءاللہ کی تاریخ مرتّب کرنا تھا۔ اُن دنوں ربوہ کے حالات بہت اچھے تھے۔ کسی قسم کا ڈر اور خوف نہیں ہوتا تھا۔ ہم سب لڑکیاں صبح فجر کی نماز کے بعد آپ کے پاس چلی جاتیں اور کئی دفعہ رات کے دو تین ادھر ہی بج جاتے۔ ہمارے آنے جانے کے لیے انہوں نے تانگہ لگوا کردیا تھا۔ ہماری کوشش تھی کہ لجنہ کے پچاس سال پورے ہونے پر’’تاریخ لجنہ‘‘ کی تین جلدیں شائع کی جائیں۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے آپ نے دن رات ایک کرکے ہمارے ساتھ کام کیا۔ قادیان سے اخبار منگوائے۔ ہر چیز خود چیک کرتی تھیں۔ خاص طور پہ حوالہ جات کو ترتیب سے لکھواتی تھیں۔ آپ ہر کام بہت تیزی سے کرتی تھیں۔ ہم نے آپ سے بہت کچھ سیکھا بلکہ جماعتی لحاظ سے آپ نے ہی ہمیں چلنا سکھایا۔ اُن دنوں دوپہر کا کھانا آپ کے ساتھ ہوتا تھا۔ اس دوران آپ حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ کی بہت سی باتیں بتاتیں اور ہمیشہ ہم سب کے لیے دعاگو رہتیں۔
ایک مرتبہ ہم لڑکیاں قصر خلافت کے باغ میں جھولا جھول رہی تھیں کہ اچانک وہاں چھوٹی آپا بھی تشریف لے آئیں۔ میرے بہت اصرار پر آپ جھولے پہ بیٹھ تو گئیں مگر پھر فوراً ہی اتر گئیں۔ دراصل آپ حتی المقدور کسی کا دل نہیں توڑتی تھیں۔ چنانچہ میری بڑی بہن کے ہاں تیسری بیٹی پیدا ہوئی تومَیں نے آپ سے درخواست کی کہ حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ سے نام رکھوا دیں۔ آپ نے اسی وقت اپنے ایک نواسے کو بھیجا کہ حضور سے نام تجویز فرمانے کے لیے درخواست کرو۔ وہ گیا۔ اُس وقت حضورؒ سیڑھیوں سے نیچے اتر رہے تھے۔ حضورؒ نے ایک پرچی پر نام لکھ کر اُسے دے دیا۔
حضرت چھوٹی آپا ہم سے بہت پیار سے کام لیتیں اور اس قدر حوصلہ افزائی کرتیں کہ مزید کام کرنے کا شوق پیدا ہوتا۔ پچاس سالہ جشن تشکرکی تقریب ہوئی تو تمام صدرات جو بیس سال سے کام کر رہی تھیں ان کو سندات خوشنودی دی جا رہی تھیں۔ آپ نے ہم سب لڑکیوں کو بھی اسناد دیں تو بعض صدرات نے اعتراض کیا۔ اس پر آپ نے فرمایا کہ ان لڑکیوں نے تاریخ لجنہ لکھ کر وہ کام کیا ہے جو آپ لوگ بیس سالوں میں نہیں کرسکی تھیں۔ جشن تشکر کے موقع پر حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ کے ہاتھوں سے آپ کوبھی آپ کی خدمات کی وجہ سے سند ملی۔ حضورؒ نے آپ کو سند دیتے ہوئے ہاتھ بھی ملایا اور فرمایا: یہ میری ماں ہیں اس لیے ہاتھ ملا رہا ہوں ورنہ غیرعورتوں سے ہاتھ نہیں ملاتے۔


آپ گاؤں گاؤں دورے کرکے تجنید ترتیب دیتیں۔ مصروفیت کے باوجود درس مسجد مبارک میں باقاعدہ سننے جاتیں اور نوٹس بھی بناتیں۔ خود بھی ایک بہترین مقررہ تھیں۔ بڑے خوبصورت انداز میں بات کرتیں۔ جلسوں اور اجتماعات پر ہونے والے حضور کے خطابات بھی غور سے سنتی تھیں اور پھر اپنی معاونات سے پوچھتیں کہ آج حضور نے کیا فرمایا تھا؟
خدا کے فضل سے آپ کی دعاؤں میں بہت تاثیر تھی۔ میری ہمشیرہ فوزیہ ارشد صاحبہ بتاتی ہیں کہ ایک مرتبہ سالانہ گیمز میں والی بال میں ہمارا اور لاہور کی ٹیم کا مقابلہ تھا۔ ہم اپنا بال چھوٹی آپا کے پاس لے کے گئیں کہ ہمارے لیے دعا کرکے یہ بال ہمیں دے دیں۔ آپ نے وہ بال ہم سے لے کے ہمارے لیے دعا کی۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے ہم وہ میچ جیت گئے۔ بلکہ اس کے بعد بھی ہم نے اس بال سے جو میچ کھیلا، خدا کے فضل سے ہمیشہ جیتے۔
آپ بہت ذمہ داری سے ہر کام مکمل کرواتی تھیں۔ جلسوں اور اجتماعات میں اپنا بستر بھی وہیں لگوا لیتیں اور سب کام اپنی نگرانی میں ختم کروا کے، اگلے دن دینے والی ہدایات نوٹ کرتیں تو اس کام میں اکثر رات کے دو تین بج جاتے۔ جب تک ڈیوٹی والی ممبرات کو خدام کی نگرانی میں خیریت سے گھروں میں بھجوا نہ دیتیں تب تک وہیں رہتیں۔
آپ کے مزاج میں انتہائی سادگی تھی یہاں تک کہ آپ کی ملازمائیں بھی آپ سے اپنی بات منوالیتی تھیں۔ ایک دفعہ آپ نے اپنی دو ملازماؤں کو کاٹن کے برقعے سلوا کر دیے۔ مگر وہ کہنے لگیں کہ ہم نے کاٹن کے نہیں لینے، ہمیں ریشمی برقعے سلواکر دیں۔ آپ اُن پر ناراض ہونے کی بجائے فرمانے لگیں کہ اچھا! بعد میں ریشمی برقعے بھی لے دوں گی۔
میری شادی میں آپ شامل نہیں ہوسکی تھیں۔ بعد میں جب آپ سے ملاقات ہوئی تو اُس وقت میری ساس صاحبہ اور نند بھی ساتھ تھیں۔ آپ سب سے بڑی محبت سے ملیں۔ مجھے گلے لگایا اور ہمیں فرمایا کہ مَیں جلسے کی مصروفیت کی وجہ سے شادی میں شامل نہیں ہوسکی لیکن یہ میری بیٹیوں کی طرح ہے اس کا خیال رکھنا اس کو تکلیف دینا گویا مجھے تکلیف دینا ہے۔ یہ سن کرخوشی اور محبت سے میرا دل بھر آیا۔
شادی کے بعدمَیں لاہور آگئی تو حضرت چھوٹی آپا سے رابطہ خط و کتابت کے ذریعہ جاری رہا۔ میرے خط کا تیسرے دن ہی چھوٹی آپا کا ہاتھ سے لکھا ہوا جواب آجاتا تھا۔ دراصل آپ کو جو بھی خط لکھتا آپ کی کوشش یہی ہوتی کہ خود ہاتھ سے لکھ کر جلدی اس کو جواب بھیج دیں۔
ایک دفعہ آپ لاہور تشریف لائیں۔ مَیں نے مصافحہ کیا تو بڑی محبت سے ملیں۔ بچوں کے متعلق پوچھا پھر فرمایا: بس اب جماعت کی خدمت کرو۔ چنانچہ یہ آپ کی دعاؤں کا ہی اثر ہے کہ مجھے خدمتِ دین کی توفیق ملتی رہی ہے۔
1999ء میں چھوٹی آپا کی وفات ہوئی تو مجھے یہی احساس ہوا کہ جیسے میری ماں مجھ سے بچھڑ گئی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں