حضرت مسیح موعودؑ کا خلق عظیم

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 16؍اکتوبر 2023ء)

لجنہ اماءاللہ جرمنی کے رسالہ ’’خدیجہ‘‘ برائے2013ء نمبر1 میں مکرمہ برکت بی بی صاحبہ اہلیہ حکیم مولوی رحیم بخش صاحب مرحوم کی یہ روایت شامل اشاعت ہے کہ ایک دن حضرت مسیح موعود علیہ السلام لیٹے ہوئے تھے اور میں پیر دبا رہی تھی۔ کئی طرح کے پھل لیچیاں، کیلے، انجیر اور خربوزوں میں سے آپؑ نے مجھے بہت سے دیے۔ مَیں نے ان کو بہت سنبھال کر رکھا کہ یہ بابرکت پھل ہیں، ان کو مَیں گھر لے جاؤں گی تاکہ سب کو تھوڑا تھوڑا بطور تبرک کے دوں۔ جب مَیں جانے لگی تو حضور علیہ السلام نے اماں جانؓ کو فرمایا کہ ’’برکت کو وائی برنم دے دو ۔اس کے رحم میں درد ہے‘‘ (یہ دوا رحم کی اصلاح کے واسطے ہوتی ہے)۔ یہ مجھے یاد نہیں کہ کس نے دوا لاکر دی۔ حضورؑ نے دس قطرے ڈال کر بتایا کہ ’’دس قطرے روز صبح کوپیا کرو ۔‘‘ مَیں گھر جا کر پیتی رہی ۔ دوا پینے کے بعد حمل ہو گیا تھا جس کا مجھے علم نہ تھا ۔
ایک دن مَیں نے خواب میں دیکھا کہ مَیں اور دو اَور عورتیں بیٹھی ہیں کہ مجھے حیض آگیا ہے۔ مَیں گھبرائی اور تعبیرنامہ دیکھا۔ اس میں یہ تعبیر لکھی تھی کہ ’’جو عورت اپنے آپ کو حائضہ دیکھے وہ کوئی گناہ کرتی ہے۔‘‘ مجھے یہ دیکھ کر سخت رنج ہوا۔ مَیں نفل پڑھتی اور توبہ استغفار کرتی اور خدا سے عرض کرتی: یا اللہ !مجھ سے کون سا گناہ ہوا ہے یا ہونے والا ہے، تُو مجھے اپنے فضل سے بچا۔
پھر قادیان آئی اور ایک روز جب حضورؑ کے پاؤں دبا رہی تھی تو مَیں نے عرض کی کہ حضور! مجھے ایک ایسی خواب آئی ہے جس کو میں حضور کی خدمت میں پیش کرنے سے شرم محسوس کرتی ہوں، حالانکہ نہیں آنی چاہیے کیونکہ حضور تو خدا کے بھیجے ہوئے ہیں، آپؑ سے نہ عرض کروں گی تو کس کے آگے بیان کروں گی۔ پھر مَیں نے حضورؑ کی خدمت میں وہ خواب بیان کی تو حضورؑ نے فرمایا کہ ’’وہ کتاب جو سامنے رکھی ہے وہ اٹھا لاؤ۔‘‘ مَیں لے آئی۔ آپؑ نے کتاب کھول کر دیکھا اور بتایا کہ ’’جو عورت ایسا خواب دیکھے تو اگر وہ حاملہ ہے تو لڑکا پیدا ہو گا اور اگر حاملہ نہیں تو حمل ہو جائے گا ۔‘‘ مَیں نے عرض کی کہ مجھے حضورؑکی دعا اور دوا سے حمل ہے۔ آپؑ نے فرمایا: ’’اب انشاءاللہ لڑکا پیدا ہوگا۔‘‘ (سیرت المہدی جلد دوم صفحہ214,215 )

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں