پھول پورہ میں فری میڈیکل کیمپ

(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 11مارچ 2022ء)
نگرپارکر سے 22میل کے فاصلے پر واقع ایک گاؤں پھول پورہ میں فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کی رپورٹ مکرمہ ڈاکٹر ن۔ شاہین صاحبہ کے قلم سے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 31؍جولائی 2013ء میں شائع ہوئی ہے۔ اس کیمپ کا انعقاد لجنہ اماءاللہ پاکستان کی مالی قربانیوں سے وجود میں آنے والے طاہرہسپتال نگرپارکر نے کیا تھا۔ یہ گاؤں پاک انڈیا سرحد پر کچھ اس طرح سے واقع ہے کہ اس کا رقبہ دونوں ممالک میں تقسیم ہوگیا ہے۔ ذریعہ معاش کاشتکاری اور مویشی پالنا ہے۔
یہ وہ خوش نصیب گاؤں ہے جس نے اس علاقے میں سب سے پہلے احمدیت کی آواز پر لبّیک کہا اور 1960ءمیں یہاں احمدیت کا پودا لگا۔ اب تک قریباً ایک درجن واقفین زندگی یہاں پیدا ہوئے ہیں۔ حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ بھی قبل از خلافت اسے برکت بخش چکے ہیں۔
میڈیکل کیمپ سے استفادہ کے لیے قریبی دیہات سے بھی کافی مریض گھوڑوں، اونٹوں اورگدھوں پر سوار آئے کیونکہ اُن دنوں فصل کی کٹائی کا موسم تھا اور اس مصروفیت میں اُن کو گھر میں ہی دوائی کا ملنا کسی نعمت سے کم نہ تھا۔ بنیادی سہولتوں سے محروم اس علاقے کے غریب لوگ خوراک اور پانی کی کمی کے علاوہ علاج کی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔ دورانِ معائنہ علم ہوا کہ اکثر لوگ خصوصاً خواتین خون کی کمی کا شکار ہیں جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچوں میں بیماریوں کا اضافہ ہورہا ہے۔
بارش نہ ہونے کی صورت میں اکثر لوگ سندھ کے نہری علاقوں کی طرف ہجرت کرجاتے ہیں۔ بارش ہوجائے تو جمع شدہ پانی سے کچھ کاشتکاری ہوجاتی ہے اور گندے جوہڑ کی صورت اختیار کرجانے والے اسی پانی کو انسان اور جانور پینے پر مجبور ہیں۔ پانی کی قلّت کی وجہ سے صفائی کا معیار بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ مریضوں کو دوا دینے کے بعد ہم نے مسجد میں احباب جماعت اور نومبائعین کے ہمراہ نماز جمعہ ادا کی۔ پھر کھانا کھایا اور پھر واپس نگرپارکر آتے ہوئے دو احمدیہ سنٹرز ’گوٹھ‘ اور ’کوتاڑا‘ کو دیکھنے کا موقع بھی ملا۔ راستے میں جگہ جگہ لوگ اپنی عورتوں اور بچوں کے ہمراہ بڑی محنت سے فصلیں کاٹ رہے تھے، کچھ چوپایوں کی مدد سے اناج نکال رہے تھے اور کچھ لوگ تیز ہوا کے چلنے کا انتظار کررہے تھے تاکہ اپنی فصل کو صاف کرسکیں۔ گندے مندے بچے، تن کے کپڑوں اور پاؤں میں جوتوں سے بے نیاز موسمی پھل تربوز، خربوزہ اور چبڑوں کے مزے لے رہے تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں